دبئی ایئرپورٹ نے 2024 میں 9 کروڑ 20 لاکھ مسافروں کا ریکارڈ قائم کر دیا

دبئی (قدرت روزنامہ) دنیا کے مصروف ترین ہوائی اڈے دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ نے 2024 میں ریکارڈ 92 ملین (9 کروڑ 20 لاکھ) مسافروں کو سنبھالا جو 2023 کے مقابلے میں چھ فیصد زیادہ ہے۔ اس بات کا اعلان دبئی کے حکمران شیخ محمد بن راشد المکتوم نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر کیا۔
العربیہ نے خبر ایجنسی روئٹرز کے حوالے سے رپورٹ کیا کہ دبئی مشرق وسطیٰ کا سب سے بڑا سیاحتی اور تجارتی مرکز ہے۔ یہ اپنے ہوائی اڈوں کے نظام کو مزید وسعت دے رہا ہے۔ گزشتہ سال شیخ محمد بن راشد المکتوم نے دبئی کے دوسرے ایئرپورٹ المکتوم انٹرنیشنل کے لیے 128 ارب درہم (34.85 ارب ڈالر) مالیت کے نئے مسافر ٹرمینل کی منظوری دی تھی۔

ایئرپورٹ حکام کے مطابق یہ نیا ہوائی اڈہ دنیا کا سب سے بڑا ایئرپورٹ ہوگا، جو دبئی انٹرنیشنل سے پانچ گنا بڑا ہوگا اور اس کی مسافروں کی گنجائش 260 ملین (26 کروڑ) تک ہوگی۔ مستقبل میں تمام فضائی آپریشنز دبئی انٹرنیشنل سے المکتوم انٹرنیشنل منتقل کر دیے جائیں گے۔ یہ منصوبہ دبئی کو عالمی سطح پر ایک بڑے ایوی ایشن حب میں تبدیل کرنے کے وژن کا حصہ ہے، جو خطے کی معیشت اور سیاحت کے لیے انتہائی اہم ثابت ہوگا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *