قلات: منگوچر میں دہشتگردوں کے متعدد حملے، 17 افراد جاں بحق، متعدد زخمی


قلات(قدرت روزنامہ)بلوچستان کے ضلع قلات کی تحصیل منگوچر میں جمعہ اور ہفتے کی درمیانی شب مسلح افراد نے کوئٹہ کراچی قومی شاہراہ پر مسافر بسوں پر فائرنگ کر دی جس سے متعدد افراد جاں بحق اور زخمی ہوئے ہیں۔
اسسٹنٹ کمشنر منگوچر علی گل بلوچ نے وی نیوز سے بات کرتے ہوئے واقعے کی تصدیق کی اور کہا کہ رات گئے دہشت گردوں نے مسافر بسوں کو فائرنگ کا نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں 17 افراد جانبحق جبکہ ایک زخمی ہوا۔
اسسٹنٹ کمشنر منگوچر علی گل نے بتایا کہ سیکیورٹی فورسز نے رات بھر دہشت گردوں کا مقابلہ کیا جس کے بعد دہشت گرد فرار ہو گئے۔ اس دوران دہشت گردوں نے نجی بینک میں گرنیڈ پھینکے جس کے نتیجے میں عمارت میں آگ بھڑک اٹھی اور بینک نذر آتش ہو گیا۔
حملے کے بعد علاقے میں کلیئرنس آپریشن مکمل کر لیا گیا ہے جبکہ کوئٹہ کراچی کی قومی شاہراہ کو بھی آمد و رفت کے لیے بحال کر دیا گیا ہے۔
دوسری جانب لیویز حکام کام کا بتانا ہے کہ رات گئے دہشت گردوں نے بسوں پر فائرنگ کے ساتھ ساتھ مختلف سیکیورٹی فورسز کی چوکیوں پر بھی حملے کیے۔ رات بھر منگوچر فائرنگ اور دھماکوں کی زد میں رہا جس سے علاقہ مکین خوف و حراس میں مبتلا رہے۔ حملے میں دہشت گردوں نے بھاری اسلحے کا استعمال کیا جبکہ سیکیورٹی فورسز اور شدت پسندوں میں جھڑپ کا سلسلہ رات بھر جاری رہا۔ سیکورٹی فورسز نے علاقے کو مکمل گھیرے میں لے رکھا ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *