کمرشل سامان بھارتی پورٹ پر ضبط کیےجانے پر پاکستانی کمپنی نے ہرجانے کا دعویٰ کردیا
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پاکستانی کمپنی کا کمرشل کنسائنمنٹ بھارتی پورٹ پر ضبط کئے جانے کا معاملہ سندھ ہائی کورٹ پہنچ گیا ہے۔
’کوسموس انجینیئرنگ‘ نامی پاکستانی کمپنی نے سامان ضبط ہونے پر شپنگ کمپنی اور فریٹ سروس کمپنی کے خلاف ہرجانے کا دعوی دائر کردیا۔
وکیل مدعی عثمان فاروق نے موقف اپنایا ہے کہ چین سے درآمد کمرشل کنسائنمنٹ شپنگ کمپنی کی نااہلی کے باعث ممبئی پورٹ پر بھارتی حکام نے ضبط کیا۔
وکیل کے مطابق بھارتی حکام نے نیوکلیر اور میزائل پروگرام میں استعمال کا الزام عائد کرتے ہوئے کنسائنمنٹ ضبط کیا۔
ان کا موقف ہے کہ درآمد کی گئی مشینری کمرشل استعمال کے لئے ہے جبکہ اس کی تصدیق وزارت خارجہ نے بھی اپنے بیان میں کی ہے۔
مدعی کے وکیل نے الزام عائد کیا ہے کہ شپنگ کمپنی نے بھارتی حکام کے ساتھ ملی بھگت کرکے کنسائنمنٹ ضبط کروایا اور مدعی کی شہرت کو عالمی سطح پر نقصان پہنچایا۔
مدعی نے وکیل کے ذریعے عدالت سے استدعا کی کہ فریقین کو 20 کروڑ 91 لاکھ روپے سے زائد بطور ہرجانہ ادا کرنے کا حکم دیا جائے۔