سپیکر قومی اسمبلی کا مذاکراتی کمیٹیاں برقرار رکھنے کافیصلہ،ن لیگ ،پی ٹی آئی نے تحلیل کردیں

اسلام آباد (قدرت روزنامہ )سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے حکومت اور پی ٹی آئی کے درمیان مذاکرات کے لئے بنائی گئی کمیٹیاں برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔
نجی ٹی وی جیو نیوز کے مطابق پاکستان تحریک انصاف اور حکومت کی طرف سے مذاکراتی کمیٹیاں تحلیل کی جاچکی ہیں تاہم قومی اسمبلی سیکرٹریٹ نے ابھی تک مذاکراتی کمیٹیوں کوباقاعدہ ڈی نوٹیفائی نہیں کیا۔
ترجمان قومی اسمبلی کا کہنا ہے کہ سپیکر کی طرف سے مذاکراتی کمیٹی کو برقرار رکھنے کا حکم ہے۔
خیال رہے کہ حکومت اور پی ٹی آئی کی جانب سے مذاکرات کے لئے کمیٹیاں تشکیل دی گئی تھیں تاہم پی ٹی آئی نے 9 مئی اور 26 نومبر کے واقعات پر جوڈیشل کمیشن کا اعلان نہ ہونے پر حکومت کے ساتھ
مذاکرات ختم کرنے کا اعلان کر دیا تھا۔
دوسری جانب حکومتی کمیٹی کے ترجمان سینیٹر عرفان صدیقی کا کہنا تھا ہم نے کبھی نہیں کہا کہ حکومت جوڈیشل کمیشن نہیں بنائے گی جبکہ وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنا اللہ نے نجی ٹی وی جیو نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف جب چاہے حکومت کے ساتھ مذاکرات کی میز پر بیٹھ جائے، اگر تحریک انصاف والے ہمیں قائل کر لیتے ہیں تو ان کی بات بھی مانی جا سکتی ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *