ٹویوٹا مسلسل پانچویں سال دنیا کی سب سے بڑی کار ساز کمپنی بن گئی، کتنی گاڑیاں فروخت کیں؟
ٹوکیو (قدرت روزنامہ) جاپانی آٹوموبل کمپنی ٹويوٹا ن مسلسل پانچویں سال دنیا کی سب سے بڑی کار ساز کمپنی بن گئی۔ اس نے جرمن کمپنی ووکس ویگن گروپ جیسے بڑے حریفوں کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ سنہ 2024 میں ٹويوٹا اور اس کی لگژری برانڈ لیکسس کی مجموعی فروخت ایک کروڑ 15 لاکھ 9 ہزار 336 گاڑیاں رہی۔ اگرچہ یہ ایک بہت بڑی تعداد ہے تاہم 2023 کے مقابلے میں یہ 1.4 فیصد کم ہے۔ اگر اس میں ٹويوٹا کی ذیلی کمپنیاں ڈائیہاتسو اور ہینو کی فروخت کو بھی شامل کیا جائے تو کل تعداد ایک کروڑ 8 لاکھ 21 ہزار 480 بنتی ہے جو سال بہ سال 3.7 فیصد کمی کو ظاہر کرتی ہے۔
این ڈی ٹی وی کے مطابق جرمن کمپنی ووکس ویگن گروپ 2024 میں بھی دنیا کی دوسری سب سے بڑی کار ساز کمپنی رہی۔ اس نے عالمی سطح پر 90 لاکھ سے زائد گاڑیوں کی فروخت کی تاہم اس کی بھی فروخت میں 2.3 فیصد کمی دیکھنے میں آئی جس کی بڑی وجہ چین میں قیمتوں کا مقابلہ رہا۔ ووکس ویگن گروپ کے تحت سکوڈا، ووکس ویگن، سیٹ، کپرا، آڈی، لیمبورگینی، بینٹلی، پورشے، اور ڈوکاتی جیسی برانڈز آتی ہیں لیکن چین میں بڑھتی ہوئی قیمتوں کی جنگ نے اس کی فروخت پر اثر ڈالا۔
دوسری جانب ٹويوٹا کی فروخت میں کمی کی بنیادی وجوہات میں جاپان، چین اور دیگر عالمی مارکیٹس میں کمزور کارکردگی شامل ہیں۔ اگرچہ ٹويوٹا کی عالمی فروخت میں معمولی کمی آئی ہے، لیکن یہ اب بھی دنیا کی سب سے بڑی کار ساز کمپنی بنی ہوئی ہے۔ خاص طور پر ہائبرڈ گاڑیوں کی مقبولیت اس کی مسلسل کامیابی کی ایک بڑی وجہ ہے۔ کیا ٹويوٹا آنے والے سالوں میں بھی اپنی پوزیشن برقرار رکھ پائے گی؟ یہ دیکھنا دلچسپ ہوگا۔