پی ٹی آئی چیمپئنز ٹرافی اور صدر اردوان کی آمد کے موقع پر احتجاج نہ کرے: احسن اقبال
لندن(قدرت روزنامہ )لندن میں پاکستان کے ہائی کمیشن میں منعقد اڑان پاکستان کے حوالے سے ہونے والی پریس کانفرنس میں وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی چیمپئنز ٹرافی اور ترکیہ کے صدر کی آمد کے موقع پر احتجاج نہ کرے۔
نجی ٹی وی جیو نیوز کے مطابق لندن میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے احسن اقبال کا کہنا تھاکہ پی ٹی آئی کی منفی سیاست کا لوگوں نے بائیکاٹ کیا، لوگوں کو یہ بات سمجھ آگئی کہ ملک کا مستقبل امن اور سیاسی استحکام سے ہی روشن ہوگا۔
انہوں نے پی ٹی آئی کو مشورہ دیا کہ وہ چیمپئنز ٹرافی اور ترکیہ کے صدر کی آمد کے موقع پر احتجاج نہ کرے، یہ احتجاج کی کال دے کر ثابت کررہے ہیں کہ وہ پاکستان دشمنوں کے اشارے پر انتشار پھیلاتے ہیں، ان کو ہمیشہ اہم موقع پر دھرنے یاد آجاتے ہیں۔
ان کا کہنا تھاکہ دوسری بات برطانیہ میں اگر کسی وزیراعظم کے خلاف کرپشن ثابت ہوجائے تو تمام عمر کسی کو منہ دکھانے کے قابل نہ رہے لیکن یہ پی ٹی آئی کے کیسے لوگ ہیں جو ہمیں بتاتے تھے کہ وہ کرپشن ختم کرنے نکلے ہیں لیکن اب وہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کی چوری کے وکیل بنے ہوئے ہیں اور میں یہ بات کہہ چکا ہوں جو بھی لوگ اس جرم میں شریک ہیں ان سب کے خلاف کارروائی ہوگی۔
احسن اقبال کا کہنا تھاکہ دوسروں سے رسیدیں مانگنے والے کی اپنی رسیدیں جعلی نکلیں۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ہیتھرو ایئر پورٹ پر جلد دوبارہ پی آئی اے کے طیارے اتریں گے، ماضی کے وزیر کے ایک احمقانہ بیان کے سبب ملک کو بڑا مالی نقصان ہوا۔
احسن اقبال کا کہناتھاکہ ایسی اور کوئی دوسری قوم نہیں دیکھی جو اپنے گندے کپڑے دوسرے ممالک میں دھوتی ہے، آکسفورڈ میں بعض پاکستانی طلبہ نے بانی پی ٹی آئی کو جیل میں ڈالنے پر پاکستان کو “ روگ سٹیٹ” قرار دیا جن کو مناسب جواب دیا بعد میں وہی طلبہ میرے ساتھ سیلفیاں بنواتے رہے۔
خیال رہے کہ ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان 12 رکنی وفد کے ہمراہ 12 فروری کو پاکستان آئیں گے۔