کیا کسی شادی شدہ جوڑے کا رشتہ کامیاب ہے یا نہیں؟ جاننے کا ایک آسان طریقہ سامنے آگیا
لاہور (قدرت روزنامہ) آپ کے خیال میں یہ کس طرح جاننا ممکن ہے کہ کوئی جوڑا ایک دوسرے سے خوش ہے یا نہیں؟یہ جاننا کہ کوئی جوڑا اپنی شادی میں خوش ہے یا نہیں، درحقیقت بہت آسان ہے۔ آپ کو کچھ زیادہ محنت کرنے کی ضرورت نہیں، بس ان کے چہروں پر نظر ڈالیں اور دیکھیں کہ آیا وہ ایک ساتھ مسکراتے ہیں یا نہیں۔
جرنل آف ایموشن اینڈ سائیکوپیتھولوجی میں شائع ہوئی ایک تحقیق کے مطابق کسی رشتے کی مضبوطی اور خوشی کا دارومدار صرف ایک دوسرے سے بات چیت کرنے یا مشترکہ اقدار پر نہیں ہوتا بلکہ مسکراہٹ بھی اس میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔آج نیوز کے مطابق ماہرین کا کہنا ہے کہ جب جوڑے لاشعوری طور پر ایک ساتھ مسکراتے ہیں، تو یہ اس بات کی علامت ہوتی ہے کہ وہ اپنے رشتے سے مطمئن ہیں۔ خوش باش جوڑوں میں اکثر ایسا دیکھا جاتا ہے کہ ان کے چہروں پر ایک ہی وقت میں مسکراہٹ آتی ہے، جبکہ ناخوش جوڑوں میں یہ رجحان کم پایا جاتا ہے۔
تحقیق میں 61 شادی شدہ جوڑوں کو شامل کیا گیا جن میں سے 30 جوڑے اپنے تعلق سے خوش تھے، جبکہ 31 ایسے تھے جو اپنے رشتے کو بہتر بنانے کے لیے ماہرین سے مدد لے رہے تھے۔ماہرین نے ان کے چہروں کے تاثرات کا تجزیہ جدید ترین چہرہ شناخت کرنے والے سافٹ ویئر سے کیا اور اس بات کا مشاہدہ کیا کہ وہ کتنی بار مسکراتے ہیں اور ان کے چہروں پر مسکراہٹ کتنی جلدی ابھرتی ہے۔
نتائج میں معلوم ہوا کہ جو جوڑے ایک دوسرے سے خوش تھے، وہ ایک ہی وقت میں مسکراتے تھے۔ مزید یہ کہ جب ان میں سے کوئی ایک مسکراتا تھا تو دوسرے کے چہرے پر بھی محض 0.62 سیکنڈ میں مسکراہٹ آ جاتی تھی۔ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ ایک قدرتی عمل ہے جو جوڑوں کے کنٹرول میں نہیں ہوتا، بلکہ یہ ان کے تعلق کی گہرائی اور مضبوطی کو ظاہر کرتا ہے۔
اکثر جوڑے اس رویے سے لاعلم ہوتے ہیں کیونکہ یہ لاشعوری سطح پر ہوتا ہے، لیکن حقیقت میں یہ ایک خوشحال رشتے کی علامت ہے۔