عمران خان نے آرمی چیف کو خط لکھ کر پالیسیوں میں تبدیلی کی اپیل کی ہے:بیرسٹر گوہر
راولپنڈی (قدرت روزنامہ )پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ عمران خان نے بطور سابق وزیراعظم آرمی چیف جنرل عاصم منیر کو خط لکھ کر ان سے پالیسیوں میں تبدیلی کی اپیل کی ہے۔
ڈان نیوز کے مطابق راولپنڈی میں اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کے دوران بیرسٹر گوہر خان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کی جانب سے پاک فوج کے سربراہ کو خط لکھنا پالیسی شفٹ نہیں بلکہ انہوں نے آرمی چیف کو بطور سابق وزیر اعظم خط لکھا۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان نے آرمی چیف کو اوپن لیٹر لکھا ہے جس کو آج میڈیا کے سامنے بھی پیش کردیا جائے گا، جس میں عمران خان نے کہا کہ وہ پاکستان کے سابق وزیراعظم اور ملک کی سب سے بڑی سیاسی جماعت کے سربراہ کے طور پر خط لکھ رہے ہیں۔
بیرسٹر گوہر کے مطابق عمران خان نے خط میں فوج اور عوام کے درمیان فاصلے کی وجوہات بیان کرتے ہوئے لکھا کہ ’فوج اور عوام میں خلیج نہیں بڑھنا چاہئے جس کے لئے انہوں نے آرمی چیف سے پالیسیوں پر نظر ثانی کی درخواست کی ہے۔
خیال رہے کہ گزشتہ ماہ آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی بیرسٹر گوہر اور علی امین گنڈا پور کے درمیان ملاقات کی خبریں سامنے آئی تھیں تاہم دونوں جانب سے متضاد دعووں کی وجہ سے ملاقات کا ایجنڈا سامنے نہ آسکا تھا۔
ابتدائی طور پر چیئرمین پی ٹی آئی نے کسی بھی قسم کے رابطے کی تردید کی تھی لیکن بعد میں انہوں نے آرمی چیف سے ملاقات کی تصدیق کرتے ہوئے ’مثبت جواب‘ ملنے کا دعویٰ کیا۔