غیر معمولی سپیڈ، 72 روز کی ریکارڈ مدت میں سرینہ چوک انٹرچینج پراجیکٹ مکمل، کل باقاعدہ افتتاح کیا جائیگا
اسلام آباد( قدرت روزنامہ )غیر معمولی سپیڈ۔ اعلیٰ معیار۔ 72 روز کی ریکارڈ مدت میں 3 انڈر پاسز اور رابطہ سڑکوں پر مشتمل سرینہ چوک انٹرچینج پراجیکٹ مکمل کر لیا گیا ہے۔ میگا پراجیکٹ کا کل باقاعدہ افتتاح کیا جائیگا۔
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے آج سرینہ چوک انٹرچینج پراجیکٹ کا دورہ کیا اور پراجیکٹ کے افتتاح کے انتظامات کا جائزہ لیا۔ وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے کہا کہ سرینہ چوک انٹرچینج کو ریکارڈ 72 دن میں مکمل کیا گیا ہے، جو 3 انڈر پاسز اور رابطہ سڑکوں پرمشتمل ہے۔ یہ انٹرچینج سرینہ ہوٹل، کنونشن سنٹر، شاہراہِ دستور اور ڈپلومیٹک انکلیو کے جنکشن پر واقع ہے، اس منصوبے کی تکمیل سے اسلام آباد شہر کے ٹریفک کا دیرینہ مسئلہ حل ہوگا۔
وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ سرینہ چوک منصوبے کو خؤبصورت درختوں، پھولوں اور لینڈ سکیپنگ سے مزین کیا گیا ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ چیئرمین سی ڈی اے اور انکی پوری ٹیم پراجیکٹ کی تکمیل پر مبارکباد کی مستحق ہے۔