خاتون نے نوکری نہ ملنے کا مذاق اُڑانے پر بوائے فرینڈ کو قتل کر دیا
واشنگٹن (قدرت روزنامہ) امریکہ کی ریاست کولوراڈو میں ایک خاتون کو اپنے بوائے فرینڈ کے قتل کے جرم میں سزا سنائی گئی ہے۔ عدالت کے مطابق خاتون کے بوائے فرینڈ نے کہا تھا کہ وہ نوکری حاصل نہیں کرسکتی جس پر وہ شدید مشتعل ہو گئی اور قتل کا ارتکاب کر بیٹھی۔ قاتلہ کی شناخت ایشلے وائٹ کے نام سے ہوئی ہے، جو کوڈی ڈی لیسا کے قتل، قتل کی سازش اور ڈکیتی کی مرتکب قرار دی گئی۔
عدالتی دستاویزات کے مطابق یہ واقعہ 2020 میں پیش آیا جب 29 سالہ ایشلے وائٹ ڈینور سے بس کے ذریعے اپنے گھر واپس جا رہی تھی۔ اسی دوران اس نے اپنے بوائے فرینڈ کوڈی ڈی لیسا کو نوکری کے انٹرویو کے بارے میں میسج کیا۔ گفتگو کے دوران ڈی لیسا نے اس پر شک ظاہر کیا کہ وہ نوکری حاصل کر سکتی ہے، جس پر وائٹ غصے میں آ گئی۔
بس میں غصے سے بھری وائٹ کی ملاقات ایک اجنبی شخص سے ہوئی جس نے اپنا نام سکاٹ بتایا۔ سکاٹ نے وائٹ سے پوچھا کہ کیا وہ کسی مرد کے ساتھ تعلق میں ہے اور کیا اس مرد نے اس کے ساتھ زیادتی کی ہے؟ وائٹ نے ہاں میں جواب دیا جس پر سکاٹ نے کہا “ہمیں اسے مار دینا چاہیے۔” وائٹ اور سکاٹ بس سے کچھ فاصلے پر اترے، ایک ساتھ وقت گزارا اور سکاٹ کی بندوق سے فائرنگ کی پریکٹس کی۔ اس کے بعد وہ وائٹ کے گھر پہنچے، جہاں سکاٹ نے خود کو ڈی لیسا کے سامنے وائٹ کے ٹیکساس سے آئے ہوئے بھائی کے طور پر متعارف کرایا۔
کچھ ہی دیر بعد، ڈی لیسا کو دو گولیاں مار کر قتل کر دیا گیا۔ اگلے دن پولیس نے ایک فلاحی معائنے کے دوران اس کی لاش برآمد کی۔ قتل کے بعد وائٹ اور سکاٹ نے مقتول کا والٹ چوری کر لیا اور علاقے میں چند دن گزارے۔ بعد میں سکاٹ فرار ہو گیا اور وائٹ نے اسے دوبارہ کبھی نہیں دیکھا۔
پولیس تحقیقات کے دوران، وائٹ نے خود تمام تفصیلات فراہم کر دیں، جس کی بنیاد پر اسے گرفتار کیا گیا اور اس پر فردِ جرم عائد کی گئی۔ عدالت نے وائٹ کو قتل کے جرم میں سزا سنا دی ہے، جبکہ اس کی باضابطہ سزا کا اعلان 4 اپریل 2025 کو ایڈمز کاؤنٹی ڈسٹرکٹ کورٹ کے جج جیفری رف کریں گے۔