امریکی صدر کے فیصلوں نے کرپٹو مارکیٹ کو بٹھا دیا، ایک دن میں 500 ارب ڈالر کا نقصان
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے کینیڈا، میکسیکو اور چین کے لیے نئی ٹیرف پالیسی کے اعلان کے بعد عالمی کرپٹو مارکیٹ میں شدید مندی دیکھنے میں آئی ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق، ہفتے کی شام سے اب تک عالمی کرپٹو کرنسی مارکیٹ 500 ارب ڈالر کا نقصان اٹھا چکی ہے۔ گلوبل کرپٹو ایم کیپ 14 فیصد تنزلی کے ساتھ 3.49 ٹریلین ڈالر سے 3 ٹریلین ڈالر پر آپہنچی ہے۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ٹیرف پالیسی کے اعلان کے بعد دنیا بھر میں نئی تجارتی جنگ شروع ہونے کے خدشے کا اظہار کیا جارہا ہے۔ بٹ کوائن جسے مضبوط ترین کرپٹو کرنسی تصور کیا جاتا ہے، ٹیرف پالیسی کے اعلان کے بعد 3 ہفتے کی کم ترین سطح پر آچکا ہے۔
ہفتے کے اختتام پر بٹ کوائن کی قیمت 7 فیصد کمی کے ساتھ 93768 ڈالر ریکارڈ کی گئی اور آج یہ 90 ہزار ڈالر کی کم ترین سطح پر جانے کے دوبارہ 94 ہزار 476 ڈالر پر آیا ہے۔
نومبر کے بعد پہلی بار مجموعی طور پر دنیا کی 20 بڑی کرپٹو کرنسیز کی قدر میں 19 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے جبکہ کرپٹو کرنسی ’ایتھر‘ کی قیمت میں 20 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔
واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ہفتے کو نئی ٹیرف پالیسی کا اعلان کیا تھا جس کے تحت میکسیکو اور کینیڈا سے امریکا برآمد کی جانے والی مصنوعات پر 25 فیصد جبکہ چینی مصنوعات پر 10 فیصد ٹیرف عائد کیا گیا تھا۔ نئی ٹیرف پالیسی کا اطلاق کل سے ہوگا۔