کنسرٹ میں خاتون کو بوسہ کیوں دیا؟ گلوکار ادت نارائن کا موقف سامنے آگیا
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)بھارت کے مشہور گلوکار ادت نارائن کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی جس میں انہوں نے لائیو کنسرٹ کے دوران ایک نوجوان خاتون کو بوسہ دیا، اب اس پر گلوکار نے ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ مداح دیوانے ہوتے ہیں۔ ہم ایسے لوگ نہیں ہیں، ہم مہذب لوگ ہیں۔
ادت نارائن کا کہنا تھا کہ کچھ لوگ محبت کو اس طرح ظاہر کرتے ہیں۔ مداح یہ سمجھتے ہیں کہ انہیں ملاقات کا موقع ملا ہے اس لیے کوئی ہاتھ ملاتا ہے تو کوئی ہاتھ چوم لیتا ہے ، یہ سب دیوانگی ہوتی ہے اس پر زیادہ دھیان نہیں دینا چاہیے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق، سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو پر صارفین کھل کر تنقید کرتے نظر آرہے ہیں۔ ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ 69 سالہ گلوکار ادت نارائن کنسرٹ میں اپنا مشہور گانا ’ٹِپ ٹِپ برسا پانی‘ گا رہے ہیں۔
اس دوران ایک نوجوان خاتون مداح گلوکار کے پاس سیلفی لینے آتی ہیں اور سیلفی لیتے ہوئے ان کے گال پر بوسہ بھی کرلیتی ہیں، جس پر ادت نارائن بھی خاتون کے گال پر بوسہ دیتے ہیں۔
اس کے بعد مزید خواتین ادت نارائن کے پاس تصویر بنوانے کے لیے آتی ہیں اور ادت نارائن سب کو اسی طرح بوسہ دیتے ہیں، تاہم ایک نوجوان خاتون کو وہ لبوں پر بوسہ دیتے ہیں جس پر کنسرٹ ہال میں موجود حاضرین شور کرنے لگتے ہیں۔
بھارتی سوشل میڈیا صارفین نے ادت نارائن کے اس عمل پر انہیں تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ بعض صارفین نے کہا ہے کہ وہ ادت نارائن سے اس عمل کی توقع نہیں کررہے تھے، کچھ صارفین نے تو خیال ظاہر کیا کہ شاید یہ ویڈیو مصنوعی ذہانت کی مدد سے تیار کی گئی ہے۔
بعض صارفین کا کہنا تھا کہ ادت نارائن اتنے سینیئر ہیں، انہیں خیال کرنا چاہیے تھا، یہ بے ہودگی ہے۔ ایک صارف کا کہنا تھا، ’بڑھاپے میں انکل کو جوانی کا جنون چڑھا ہے‘۔