عمران خان نے آرمی چیف کو خط کیوں لکھا؟ بیرسٹر گوہر نے وجہ بتادی

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ عمران خان کا آرمی چیف کو خط پالیسی شفٹ نہیں۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ عمران خان نے آرمی چیف کو لکھے گئے خط میں فوج اور عوام کے درمیان فاصلے کی وجوہات بیان کی ہیں۔
انہوں نے کہاکہ عمران خان نے سپہ سالار کو لکھے گئے خط میں مؤقف اختیار کیا ہے کہ فوج اور عوام کے درمیان خلیج نہیں بڑھنی چاہیے۔
واضح رہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان نے آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کو خط تحریر کیا ہے جس میں انہوں نے تحریک انصاف کے خلاف ریاستی دہشتگردی سمیت 6 نکات کا ذکر کیا ہے۔
عمران خان کے وکیل فیصل چوہدری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ بانی پی ٹی آئی نے آرمی چیف سے اپیل کی ہے کہ پالیسی میں ردوبدل کیا جائے، جبکہ 8 فروری 2024 کو ملک میں ہونے والے فراڈ الیکشن کا بھی ذکر کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہاکہ عمران خان نے آرمی چیف کو لکھے گئے خط میں کہا ہے کہ اس وقت فوج اور قوم میں دوریاں پیدا ہورہی ہیں، اور ان فاصلوں کی وجہ اسٹیبلشمنٹ کی پالیسیاں ہیں۔ لہٰذا ضروری ہے کہ پالیسی میں ردوبدل کیا جائے۔