خبردار !! جائیداد خریدنے سے قبل یہ باتیں لازمی ذہن نشین کرلیں


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)جائیداد کی خرید و فروخت خالصتاً قانونی مسئلہ ہوتا ہے، اس میں کسی بھی قسم کی لاپرواہی، یا لحاظ اور مروت آپ کو بڑی مشکل میں ڈال سکتی ہے۔
اسی لیے ضروری ہے کہ اس کام کیلیے متعلقہ قوانین کا علم ہونا اور لین دین کے قانونی طریقہ کار پر عمل درآمد ضروری ہے، قانونی تقاضے پورے نہ ہونے کی صورت میں آپ کسی سے بھی باآسانی دھوکہ کھا سکتے ہیں۔
کوئی بھی جائیداد خریدنے سے پہلے مندرجہ ذیل سطور میں بیان کردہ اہم دستاویزات کی اچھی طرح سے جانچ پڑتال کرلیں تاکہ بعد میں پیدا ہونے قانونی مسائل سے محفوظ رہ سکیں۔
ٹائٹل ڈیڈ کی تصدیق
ٹائٹل ڈیڈ ایک بنیادی دستاویز ہے جو جائیداد کے مالک ہونے کا ثبوت فراہم کرتی ہے۔ اس میں مندرجہ ذیل معلومات شامل ہونی چاہئیں۔
موجودہ مالک کا نام ۔ جائیداد کس طرح حاصل کی گئی (وراثت، خریداری یا منتقلی) اس کے علاوہ پراپرٹی کا مقام، حدود، اور رقبہ
ٹائٹل ڈیڈ کی تصدیق سے اس بات کو یقینی بنایا جاسکتا ہے کہ فروخت کنندہ قانونی طور پر جائیداد کا اصل مالک ہے اور اس کو فروخت کرنے کا حق رکھتا ہے۔ قانونی ماہر سے اس کی تصدیق کروانا کسی بھی تنازعہ سے بچنے میں مدد دے سکتا ہے۔
لون کلیئرنس سرٹیفکیٹ
یہ سرٹیفکیٹ اس بات کی ضمانت دیتا ہے کہ جائیداد پر کسی بھی طرح کا قرض یا رہن نہیں ہے۔ یہ اس بات کی بھی تصدیق کرتا ہے کہ فروخت کنندہ نے جائیداد پر کسی بھی قسم کا پہلے سے لیا گیا قرض کلیئر کر لیا ہے۔ جائیداد پر کوئی مالی بوجھ نہیں ہے اور یہ محفوظ ہے۔
نو آبجیکشن سرٹیفکیٹ (این او سی)
متعلقہ اتھارٹی جیسے میونسپل کارپوریشن سے نو آبجیکشن سرٹیفکیٹ (این او سی) حاصل کرنا اس بات کی تصدیق کرتا ہے کہ جائیداد کے فروخت میں کوئی رکاوٹ نہیں ہے۔
یہ سرٹیفکیٹ اس بات کی بھی یقین دہانی کراتا ہے کہ یہ جائیداد متعلقہ قوانین کے مطابق ہے۔ اس پر کوئی قانونی تنازعہ یا مسئلہ زیر التوا نہیں ہے۔
سیل ڈیڈ کی رجسٹریشن
سیل ڈیڈ وہ دستاویز ہے جو فروخت کنندہ سے خریدار کو جائیداد کی ملکیت منتقل کرتی ہے، اسے رجسٹرار آفس میں رجسٹرڈ کروانا ضروری ہے تاکہ فروخت قانونی طور پر مکمل سمجھی جائے۔
دیگر دستاویزات کی فوٹو کاپیاں
فروخت کنندہ سے مندرجہ ذیل دستاویزات کی نقول حاصل کریں، آمدنی کی تصدیق کا سرٹیفکیٹ۔ شناختی کارڈ اور بینک اکاؤنٹ کی تفصیلات۔ یہ دستاویزات فروخت کنندہ کی شناخت اور اس کے قانونی حق کو یقینی بناتی ہیں۔
جائیداد کے ٹیکس کی رسیدیں
پراپرٹی ٹیکس کی باقاعدہ ادائیگی قانونی ملکیت کی تصدیق کرتی ہے اور اس بات کو یقینی بناتی ہے کہ جائیداد پر کوئی ٹیکس واجبات نہیں ہیں۔
کیش رسید نمبر
رجسٹریشن کے بعد کیش رسید نمبر ٹرانزیکشن کی تکمیل کا ثبوت ہے۔ پراپرٹی کی خریداری سے پہلے ان تمام دستاویزات کی تصدیق کروانا ایک محفوظ سرمایہ کاری کو یقینی بناتا ہے۔
قانونی ماہرین سے مشاورت کرنا بھی انتہائی اہم ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ مسئلے سے بچا جا سکے اور اس فیصلہ پرسکون اور محفوظ طریقے سے عمل درآمد کیا جاسکے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *