عمران خان نے اپنے ملک کے سپہ سالار کو خط لکھا، اس میں غلط کیا ہے، جنید اکبر نے سوال اٹھا دیا


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) خیبرپختونخوا کے صدر جنید اکبر نے کہا ہے کہ عمران خان نے اپنے ملک کے سپہ سالار کو خط لکھا، اس میں غلط کیا ہے؟
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ عمران خان اسی سال رہا ہو جائیں گے۔ ہم اگر اس حکومت کو تسلیم کرلیں تو آج ہی سب ٹھیک ہو جائے لیکن ہم اس پر تیار نہیں ہیں۔
انہوں نے کہاکہ اس وقت جو لوگ اقتدار کی کرسی پر براجمان ہیں ان کو زبردستی بٹھایا گیا ہے، ان کو فون کرکے بتایا گیا کہ فلاں کو وزیراعلیٰ اور فلاں کو سینیٹر بناؤ۔
جنید اکبر نے کہاکہ 26ویں آئینی ترمیم کے وقت پارٹی کے ساتھ غداری کرنے والے لوگ سامنے آگئے ہیں، ہم انہیں شوکاز نوٹس بھیج سکتے ہیں، تاہم ایک مشکل پیش آرہی ہے کہ ہمارے پاس کوئی ثبوت نہیں۔ انہوں نے کہاکہ فیصل سلیم کو ہم نے نوٹس دیا ہوا ہے اور ان کو ایک دو دن میں پارٹی سے نکال دیں گے۔
جنید اکبر نے کہاکہ کچھ لوگوں کی جانب سے ہمیں بھی آفر کی گئی کہ ویڈیو بنائیں، نقاب پوش آئیں گے اور آپ کو اٹھائیں گے، بعد میں پریس کانفرنس کرکے کہہ دینا کہ زبردستی ووٹ لیا گیا۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ ہیومیو پیتھک قیادت کی بات ان کے لیے ہے جو کارکنوں کے ساتھ کھڑے نہیں ہوتے، پارٹی میں بہت سے لوگ ہیں جو 9 مئی کے بعد سختیاں برداشت نہیں کرسکے۔
واضح رہے کہ عمران خان نے حال ہی میں جنید اکبر کو پی ٹی آئی خیبرپختونخوا کی ذمہ داریاں سونپی ہیں جبکہ وہ چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی بھی تعینات ہوچکے ہیں۔ پی ٹی آئی کی صوبائی صدارت سنبھالنے کے بعد انہوں نے کہا تھا کہ اب پارٹی میں ہارڈ لائنرز کو آگے لایا جائےگا اور ہم ایک بار پھر اسلام آباد کی جانب مارچ کر سکتے ہیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *