وزیراعظم یوتھ لون پروگرام ، بیرون ملک ملازمت کے خواہشمند افراد کو قرض دینے کا فیصلہ
اسلام آباد(قدرت روزنامہ)حکومت نے وزیراعظم یوتھ لون پروگرام کے تحت بیرون ملک ملازمت کے خواہشمند افراد کو 10 لاکھ روپے تک کا قرض دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
سٹیٹ بینک کے مطابق یہ قرض بیرون ملک ملازمت کے متلاشی افراد کی تربیت، سفری ویزے اور رہائشی اخراجات کیلئے دیا جائے گا۔یہ قرض 21 سے 45 سال کی عمر کے پاکستانی شہری حاصل کر نے کے اہل ہیں۔یہ قرض حاصل کرنے کے لئے ضروری ہے کہ درخواست گزار کے پاس بیرون ملک ملازمت فراہم کرنے والی کمپنی کا تصدیق شدہ نوکری کا لیٹر موجود ہو۔ قرض حاصل کرنے کیلئے درخواست گزار کو یہ وضاحت دینا ہو گی کہ وہ یہ رقم کہاں اور کس مقصد کیلئے استعمال کرے گا۔
یہ قرض پانچ سال کی مدت میں واپس کرنا ہو گا اور اس پر رائج الوقت شرحِ سود سے تین فیصد زیادہ سود ادا کرنا پڑے گا، یہ قرض درخواست گزار اور پاکستان میں اس کے کسی قریبی رشتہ دار کے نام پر مشترکہ طور پر دیا جائے گا، اس کا مطلب ہے کہ بیرون ملک جانے والے شخص کے خاندان کے کسی فرد کو ضامن بننا ہو گا۔
اس حکومتی اقدام سے نہ صرف بیرون ملک ملازمت کے متلاشی افراد کیلئے آسانیاں ہوں گی بلکہ اس سے ملک کو موصول ترسیلات زر میں مزید اضافہ ہو گا۔