بلوچستان کے نوجوان کشمیر کے حوالے سے اپنا کردار ادا کریں،مینا مجید


کوئٹہ(قدرت روزنامہ)یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر ڈائریکٹریٹ اف یوتھ افیئرز بلوچستان کے زیراہتمام ایک خصوصی واک کا انعقاد کیا گیا، جس کی سربراہی صوبائی مشیر برائے محکمہ کھیل و امور نوجوانان محترمہ مینا مجید بلوچ نے کی۔ جس میں نوجوانوں، سول سوسائٹی کے نمائندوں، اساتذہ، طلبہ اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ واک کا مقصد کشمیری عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار اور ان کے حقِ خودارادیت کے لیے آواز بلند کرنا تھا۔ شرکاءنے کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کے لیے بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے، جن پرکشمیر بنے گا پاکستان کشمیریوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی اور ہم بلوچستان کے عوام مظلوم کشمیری بھائیوں کے ساتھ ہیں جیسے نعرے درج تھے۔ شرکاءنے کشمیری عوام کے حق میں نعرے لگاتے ہوئے دنیا سے مطالبہ کیا کہ وہ کشمیری عوام کو ان کا بنیادی حقِ خودارادیت دینے کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔واک کے شرکاءسے خطاب کرتے ہوئے مشیر برائے کھیل و امور نوجوانان محترمہ مینا مجید بلوچ نے کہا کہ کشمیری عوام گزشتہ کئی دہائیوں سے ظلم و ستم کا سامنا کر رہے ہیں، لیکن ان کے حوصلے بلند ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں اور ہر سطح پر ان کی جدوجہد کی حمایت جاری رکھیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بلوچستان کے نوجوان اس حوالے سے اپنا کردار ادا کریں اور عالمی سطح پر کشمیری عوام کا مقدمہ اجاگر کرنے میں مدد کریں۔انہوں نے کہا کہ حکومت بلوچستان نوجوانوں کو ہر ممکن مواقع فراہم کر رہی ہے تاکہ وہ نہ صرف مثبت سرگرمیوں میں حصہ لے سکیں بلکہ قومی و بین الاقوامی معاملات پر بھی آگاہی حاصل کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس قسم کی سرگرمیاں نوجوانوں کو ایک مثبت پلیٹ فارم فراہم کرتی ہیں، جہاں وہ سماجی مسائل پر تبادلہ خیال کر سکتے ہیں اور اپنی صلاحیتوں کو معاشرتی بہتری کے لیے استعمال کر سکتے ہیں۔انہون نے مزید کہا کہ یوم یکجہتی کشمیر ایک ایسا موقع ہے جب ہم سب کو کشمیری عوام کے ساتھ اپنی وابستگی کا اعادہ کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان کسی بھی قوم کی ترقی میں بنیادی کردار ادا کرتے ہیں، اور انہیں چاہیے کہ وہ کشمیری عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے سوشل میڈیا اور دیگر ذرائع کو استعمال کرتے ہوئے دنیا کو ان کے مسائل سے آگاہ کریں۔واک کے دوران نوجوانوں نے حب الوطنی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ملی نغمے گائے اور قومی پرچم لہرا کر اپنی بھرپور وابستگی کا اظہار کیا۔ واک کے اختتام پر ایک خصوصی دعا کا اہتمام بھی کیا گیا، جس میں شرکاءنے کشمیری عوام کی آزادی، پاکستان کی ترقی اور امتِ مسلمہ کی کامیابی کے لیے دعا کی۔اس واک نے نہ صرف کوئٹہ بلکہ پورے بلوچستان میں کشمیری عوام سے یکجہتی کا پیغام پہنچایا اور نوجوانوں میں قومی اور بین الاقوامی امور پر بیداری پیدا کرنے میں ایک اہم کردار ادا کیا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *