پاکستانی عازمین حج کے لیے خوشخبری، حج پیکجز میں مزید کمی کا اعلان


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)وزارت مذہبی امور نے حج 2025 کے ’طویل اور مختصر‘ دورانیے کے پیکجز کی قیمتوں میں مزید کمی کا اعلان کیا ہے۔ یہ کمی سعودی عرب میں کیے گئے معاہدوں کی وجہ سے ہوئی ہے، جس سے ہوٹل اور رہائش کے اخراجات میں قابلِ ذکر بچت ہوئی ہے۔
وزیر مذہبی امور چوہدری سالک حسین نے پریس کانفرنس میں اعلان کیا کہ 40 دنوں پر محیط طویل دورانیے کے حج پیکیج کے اخراجات میں مزید 25 ہزار جبکہ 25 دنوں پر محیط مختصر دورانیے کے حج پیکیج میں مزید 50 ہزار روپے کی کمی کر دی گئی ہے۔
اس سے قبل 29 جنوری 2025 کو وزارت مذہبی امور کی جانب سے جاری بیان میں طویل دورانیے کے حج پیکج کی فی کس قیمت 10 لاکھ 75 ہزار روپے جبکہ مختصر دورانیے کے پیکج کی قیمت 11 لاکھ 50 ہزار روپے طے کی گئی تھی۔
نئے اعلان کے بعد طویل دورانیے کے حج پیکج کی کل قیمت فی کس 10 لاکھ 50 ہزار جبکہ مختصر دورانیے کے حج پیکج کی کل قیمت 11 لاکھ روپے کر دی گئی ہے۔ سعودی عرب نے 2025 میں پاکستان کے لیے ایک لاکھ 79 ہزار 210 حجاج کا کوٹہ مختص کیا ہے جنہیں سرکاری اور نجی اسکیموں میں برابر تقسیم کیا گیا ہے۔
وفاقی وزیر مذہبی امور کے مطابق طویل دورانیے کے حج پیکیج میں تیسری قسط 4 لاکھ 50 ہزار روپے جبکہ 25 دنوں پر محیط حج پیکیج کی تیسری قسط 5 لاکھ روپے ادا کرنا ہوگی۔ تیسری قسط نامزد بینکوں میں 6 فروری تا 14 فروری جمع کروانا لازم ہے۔
پاکستان اور سعودی عرب میں حج معاہدہ، کیا نئی سہولیات ملیں گی؟
پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان حج 2025 کے لیے معاہدہ طے پا گیا ہے۔ معاہدے پر وفاقی وزیر مذہبی امور چوہدری سالک حسین اور سعودی وزیر حج ڈاکٹر توفیق بن فوزان الربیعہ نے دستخط کیے۔ رواں برس ایک لاکھ 79 ہزار 210 پاکستانی فریضہ حج ادا کریں گے۔ دونوں جانب سے پاکستانی عازمین حج کو بہترین سہولیات فراہم کرنے پر اتفاق کیا گیا ہے۔
ترجمان وزارت مذہبی امور نے بتایا کہ پاکستانی حجاج کو منیٰ میں خصوصی جگہ دی جائے گی اور نرخ بھی کم ہوں گے۔ سفر حج کو مزید قابل رسائی، آسان اور آرام دہ بنانے کے لیے 20 سے 25 دن کا مختصر حج پروگرام متعارف کرایا گیا ہے۔
ہر عازم حج کو خصوصی طور پر ڈیزائن کیا گیا ایک بیگ ملے گا جس میں پاکستانی پرچم، شناخت کے لیے کیو آر کوڈ اور متعلقہ معلومات ہوں گی۔ خصوصی موبائل ایپ سے عازمین حج کے لیے تمام معلومات ان کے موبائل فونز پر دستیاب ہوں گی۔ عازمین اپنے حج گروپ کی معلومات، تربیتی شیڈول، فلائٹ کی معلومات، سعودی عرب میں اپنی رہائش، ادائیگی اور دوران حج مقامات کے لائیو نقشے و لوکیشنز سے خود کو آگاہ رکھ سکیں گے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *