پاکستان کے چیمپیئنز ٹرافی اسکواڈ میں ایک تبدیلی کا امکان
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)آئی سی س چیمپیئنز ٹرافی کے لیے پاکستان کے اسکواڈ میں ایک تبدیلی کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق، مڈل آرڈر بیٹر طیب طاہر کی جگہ اسپنر سفیان مقیم کو چیمپیئنز ٹرافی کے لیے پاکستانی اسکواڈ میں شامل کیا جاسکتا ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے سفیان مقیم کو فٹنس ٹیسٹ کے لیے طلب کرلیا ہے۔
چیمپیئنز ٹرافی کے اسکواڈ میں صرف ایک فرنٹ لائن اسپنر کو شامل کرنے پر پی سی بی سلیکشن کمیٹی کو تنقید کا سامنا ہے۔ 19 فروری سے 9 مارچ تک پاکستان میں ہونے والی چیمپیئنز ٹرافی کے لیے اسکواڈ میں 11 فروری تک تبدیلی کی جاسکتی ہے۔
یاد رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے 31 جنوری کو آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی 2025 کے لیے 15 رکنی اسکواڈ کا اعلان کیا تھا، جس میں محمد رضوان (کپتان)، سلمان علی آغا (نائب کپتان)، بابر اعظم، فخر زمان، کامران غلام، سعود شکیل، طیب طاہر، افہیم اشرف، خوشدل شاہ، عثمان خان، ابرار احمد، حارث رؤف، محمد حسنین، نسیم شاہ اور شاہین شاہ آفریدی شامل ہیں۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے پاس اسکواڈ میں کوئی تبدیلی کرنے کے لیے 11 فروری تک کا وقت ہے۔ اس کے بعد، متبادل کھلاڑیوں کو صرف طبی بنیادوں پر ہی ٹیم میں شمولیت کی اجازت دی جائے گی، جو آئی سی سی ایونٹ ٹیکنیکل کمیٹی کی منظوری سے مشروط ہوگی۔