فہیم اشرف اور خوشدل شاہ کو پاکستان ٹیم میں شامل کیوں کیا؟ عاقب جاوید نے وجہ بتادی
لاہور(قدرت روزنامہ)پاکستان کرکٹ ٹیم کے عبوری ہیڈ کوچ عاقب جاوید نے چیمپئنز ٹرافی کے اسکواڈ میں فہیم اشرف اور خوشدل شاہ کو شامل کرنے کی وجہ بتاتے ہوئے کہا ہے کہ خوشدل شاہ کی تیکنیک اور کنڈیشنز کے پیش نظر شامل کیا ہے جبکہ فہیم اشرف کے کم بیک پر تنقید بلاوجہ ہےانہیں فاسٹ آل راؤنڈر کی وجہ سے موقع دیا ہے۔
ڈیفنس سکس لاہور کے نجی سپورٹس انسٹی ٹیوٹ میں سہ ملکی سیریز کی تیاری کے لیے دوسرے روز بھی قومی کرکٹرزنے ٹریننگ کی، سینریو میچ میں بلے بازوں اور بولرز نے ڈٹ کر پریکٹس کی۔
اس موقع پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ عاقب جاوید نے کہا کہ چیمپئنز ٹرافی سے پہلے تین ملکی سیریز معاون ثابت ہوگی، سینٹر پچ پر بیٹنگ کا موقع ملے تو پھر میچ سیناریو کا زیادہ فائدہ ہوتا ہے، نیٹس کے مقابلے میں میچ سیناریو سے کھلاڑی زیادہ فائدہ اٹھاتے ہیں، آسٹریلیا میں سیزن کا آغاز تھا اور پچز مشکل تھیں۔
عاقب جاوید نے سہہ ملکی سیریز آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کی تیاری کے لیے گیئر اپ قرار دیا اور کہا کہ سہ ملکی سیریز کھیلنے والی ٹیم ہی چیمپئنز ٹرافی کھیلے گی، انجری کی صورت میں ہی تبدیلی ہوگی، سفیان مقیم صرف ایک ون ڈے میچ کھیلے ہیں، ابرار احمد کے ہوتے ممکن نہیں کہ آپ 2 اسپنرز کے ساتھ کھیلیں، پلیئنگ الیون میں ایک ہی اسپنر کھیلتا ہے، ہمیں فائدہ ہے کہ ہم پاکستان میں کھیل رہے ہیں، اگر کوئی انجری ہوتی ہے تو اسپنر کو تبدیل کرنے میں آسانی ہوتی ہے، ٹاپ 7 بیٹرز میں ہمارے پاس اسپنر کا آپشن ہوتا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ میرے خیال میں یہی ٹیم فائنل رہے گی، فہیم اشرف کو اس لیے شامل کیا کہ وہ پیس کے ساتھ بیٹنگ بھی کرتے ہیں، فہیم اشرف آل راؤنڈر آپشن کے لیے اچھے ہیں۔
عبوری ہیڈ کوچ نے کہا کہ ہوم کنڈیشنز میں بلے بازوں کو 300 پلس رنز بنانا ہوں گے، کرکٹ تیز ہوگئی ہے 50 اوورز میں 300 سے زائد اسکور آسانی سے بن سکتے ہیں۔
عاقب جاوید نے کہا کہ عامر جمال پر بات ہوئی تھی وہ زیادہ ون ڈے نہیں کھیلے، خوشدل شاہ پر آسٹریلیا جانے سے پہلے بھی بات ہوئی ہے، ان کنڈیشنز میں خوشدل شاہ اچھا کھیلتے ہیں، صائم ایوب کی غیر موجودگی میں ہمیں خوشدل شاہ پر غور کرنا پڑا۔
بھارتی فاسٹ بولر کے حوالے سے پاکستانی ہیڈ کوچ نے کہا کہ جسپریت بھمرا کی انجری کی وجہ سے پریشانی پاکستان کو نہیں بھارت کو ہونی چاہیئے، بمراہ بھارتی ٹیم کے لیے پلس پوائنٹ ہیں، چیمپئنز ٹرافی کی خوبصورتی یہی ہےکہ سب ٹیمیں یکساں ہوتی ہیں، ہر بندےکا حق ہےکہ وہ اپنی رائے دے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم نے کمبی نیشن بنانے پر فوکس کیا اور ہم یہ نہیں دیکھتے کہ کون کتنے عرصے کے بعد آیا کون نہیں آیا ہم نے کمبی نیشن کو دیکھا، حسیب اللہ ساؤتھ افریقا میں ان فٹ ہوئے، دوسرا وکٹ کیپر آپ کو کنکشن کی وجہ سے رکھنا پڑتا ہے۔