اسلام آباد کے کن علاقوں میں پانی کی سپلائی کم کی جارہی ہے اور کیوں؟
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)وفاقی ترقیاتی ادارے (سی ڈی اے) نے اسلام آباد کے لیے خان پور ڈیم سے ہونے والی پانی کی سپلائی عارظی طور پر معطل کرنے کا اعلان کیا ہے۔
سی ڈی اے حکام کے مطابق، اسلام آباد کے لیے بنیادی آبی ذخیرے خان پور ڈیم کی 18 سے 20 کلومیٹر طویل نہر کی سالانہ بھل صفائی کا کام 10 فروری سے شروع ہوگا جو 22 فروری تک جاری رہے گا۔
حکام کے مطابق، بھل صفائی کے دوران خان پور ڈیم سے اسلام آباد کو پانی کی سپلائی مکمل بند رہے گی، تاہم سنگجانی واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ میں جمع شدہ اسٹوریج سے تقریباً 4 ملین گیلن روزانہ کی بنیاد پر پانی کی سپلائی جاری رہے گی۔
سی ڈی اے کا کہنا ہے کہ پانی کی یہ سپلائی معمول سے 60 فیصد کم ہوگی، یعنی 10 ملین گیلن کے بجائے صرف 4 ملین گیلن پانی کی سپلائی کی جائے گی، جس کی وجہ سے اسلام آباد کے سیکٹرز ڈی 12، جی ٹین، جی الیون، ایف ٹین، ایف الیون کے علاوہ جی نائن سیکٹر کا کچھ حصہ متاثر ہوگا۔
سی ڈی اے نے کہا ہے کہ اسی بھل صفائی کے دوران سنگجانی کے مرکزی واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ کی بھی صفائی کی جائے گی، اسی لیے متاثرہ سیکٹرز کے رہائشیوں کو ہدایت کی جاتی ہے کہ وہ 10 سے 22 فروری کے دوران کم سے کم پانی کے استعمال کو یقینی بنائیں اور واٹر ٹینکس میں پانی کا ذخیرہ رکھیں۔
سی ڈی اے حکام کا کہنا ہے کہ متاثرہ سیکٹرز کو متبادل ذرائع سے پانی کی فراہمی یقینی بنانے کی پوری کوشش کی جائے گی، تاہم اس دوران شہریوں سے سی ڈی اے کے ساتھ تعاون اور پانی کے کم سے کم استعمال کرنے کی اپیل کی جاتی ہے۔
سی ڈی اے حکام نے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ بھل صفائی مہم کے دوران شہری گاڑیاں اور فرش دھونے یا پانی کو ضائع کرنے سے اجتناب کریں بصورت دیگر شہریوں کو بھاری جرمانے کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔
سی ڈی اے حکام کا کہنا ہے کہ موسم سرما میں بارشیں نہ ہونے کی وجہ سے ڈیمز سے پانی کی سپلائی پہلے ہی کم کر دی گئی ہے تاکہ موجودہ زخیرے کو آئندہ مون سون تک استعمال کیا جاسکے۔
سی ڈی اے نے نے کہا ہے کہ شہری ایمرجنسی کی صورت میں واٹر سپلائی ہیلپ لائین نمبر 03357775444 پر بذریعہ واٹس ایپ میسیج کرسکتے ہیں یا ٹینکر کمپلینٹ کے لیے جی ٹین ٹینکر انکوائری 03361117255 یا 0519106085 پر رابطہ کیا جاسکتا ہے۔