ملائشیا اور سینیگال سمیت 10 ممالک سے 139پاکستانی ڈی پورٹ، 15گرفتار
![](https://dailyqudrat.pk/wp-content/uploads/2025/02/21-1-4.jpg)
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)گزشتہ 48 گھنٹوں کے دوران دنیا کے 10 ممالک سے 139 مزید پاکستانی شہریوں کو ڈیپورٹ کر دیا گیا، جن میں موریطانیہ، سینیگال، ملائیشیا، عمان، سعودی عرب اور قطر شامل ہیں، ڈی پورٹ کیے گئے افراد میں سے 15 کو کراچی میں گرفتار کرلیا گیا۔
نجی ٹی وی جیو نیوز کی رپورٹ کے مطابق جو جمعرات کو امیگریشن ذرائع سے حاصل کی گئی، 34 پاکستانیوں کو عراق سے غیر قانونی داخلے اور اجازت سے زیادہ قیام کی وجہ سے ڈیپورٹ کیا گیا، جن میں سے 2 کو حراست میں لے کر گوجرانوالہ پولیس کے حوالے کردیا گیا ہے۔
امیگریشن ذرائع کا کہنا ہے کہ عمان سے 24 شہریوں کو غیر قانونی داخلے پر ڈیپورٹ کیا گیا۔ ان میں سے ایک شخص آئی بی ایم ایس بلیک لسٹ پر تھا اور اسے اے ایچ ٹی سی کے حوالے کیا گیا، جب کہ باقی 2 میں سے 1کو لاڑکانہ اور دوسرے کو لاہور حکام کے حوالے کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق سعودی عرب سے 14 افراد کو بلیک لسٹ ہونے، منشیات سے متعلق جرائم، چوری، پاسپورٹ کی غیر موجودگی اور دیگر الزامات کے تحت ڈی پورٹ کیا گیا۔ انسانی اسمگلنگ سے بچائے گئے 3 افراد موریتانیہ سے اور 2 سینیگال سے ڈی پورٹ ہوئے، جنہیں اے ایچ ٹی سی نے گرفتار کرلیا۔
مجموعی طور پر 31 پاکستانیوں کو متحدہ عرب امارات سے ڈیپورٹ کیا گیا، جن میں سے 19 منشیات کے جرائم، چوری، زیادہ قیام، پاسپورٹ کھو دینے اور دیگر الزامات کے تحت ڈی پورٹ کیے گئے۔
کم از کم 8 پاکستانیوں کو ملائیشیا سے غیر قانونی امیگریشن پر واپس بھیجا گیا، جب کہ 9 شہریوں کو ایتھوپیا کے ادیس ابابا اور قطر سے رہائشی قوانین کی خلاف ورزی، فرار، غیر قانونی کام کرنے یا اجرت کے حوالے سے شکایات کرنے پر ڈیپورٹ کیا گیا۔