چیمپیئنز ٹرافی کے آفیشل ترانے کا ٹیزر جاری، عاطف اسلم کی تعریفیں


اسلام آباد (قدرت روزنامہ) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے چیمپیئنز ٹرافی کے لیے آفیشل ترانے کا ٹیزر جاری کردیا ہے جس میں معروف گلوکار عاطف اسلم نے اپنی خوبصورت آواز کا جادو جگایا ہے۔
آئی سی سی کی جانب سے جاری کی گئی 18 سیکنڈ کی ویڈیو میں پاکستان اور بھارت سمیت ٹورنامنٹ میں شریک تمام ممالک کے جھنڈے اور ترانہ گانے والے گلوکار عاطف اسلم نظر آ رہے ہیں۔
چیمپیئنز ٹرافی کے ترانے کے بول ’دھرتی دیکھو دھڑکے، جیتو بازی لڑکے ہیں ‘ جبکہ مکمل ترانہ آج ریلیز کیا جائے گا۔ ٹیزر کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے۔ اور صارفین ترانے اور عاطف اسلم کی خوب تعریفیں کر رہے ہیں۔
صارفین کا کہنا تھا کہ وہ پورے ترانے کے ریلیز ہونے کا انتظار کر رہے ہیں تاکہ اپنے پسندیدہ گلوکار کو سن سکیں، جبکہ کئی صارفین نے انہیں سپر اسٹار قرار دیا۔
چیمپیئنز ٹرافی کا آغاز 19 فروری کو کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں ہوگا، جہاں پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان افتتاحی میچ کھیلا جائے گا۔ روایتی حریف پاکستان اور بھارت کی کرکٹ ٹیمیں 23 فروری کو دبئی میں آمنے سامنے ہوں گی۔
آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی میں کل 8 ٹیمیں حصہ لیں گی جن میں پاکستان، آسٹریلیا، انگلینڈ، انڈیا، افغانستان، بنگلہ دیش، جنوبی افریقہ اور نیوزی لینڈ شامل ہیں۔ ان 8 ٹیموں کو 2 گروپوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔
گروپ اے میں میزبان پاکستان، انڈیا، نیوزی لینڈ اور بنگلہ دیش شامل ہیں۔ جبکہ گروپ بی میں آسٹریلیا، انگلینڈ، افغانستان اور جنوبی افریقہ کو شامل کیا گیا ہے۔
انڈین ٹیم اپنے تینوں گروپ میچ دبئی میں کھیلے گی جبکہ ٹورنامنٹ کا پہلا سیمی فائنل بھی دبئی میں کھیلا جائے گا۔ ٹورنامنٹ کا دوسرا سیمی فائنل اور فائنل لاہور میں شیڈول کیے گئے ہیں تاہم اگر انڈین ٹیم چیمپیئنز ٹرافی کے فائنل میں پہنچتی ہے تو اس صورت میں فائنل میچ بھی دبئی میں کھیلا جائے گا۔