مرغی کا گوشت مزید مہنگا، انڈوں کی قیمت بھی بڑھ گئی
لاہور (قدرت روزنامہ)ملتان اور لاہور میں مرغی کا گوشت مزید مہنگا ہو گیا، انڈوں کی قیمت بھی بڑھ گئی۔
تفصیلات کے مطابق لاہور میں مرغی کا گوشت 8 روپے کلو مہنگا ہو گیا جس کے بعد برائلر گوشت کی قیمت 577 روپے فی کلو ہو گئی ہے، گزشتہ روزگوشت کی قیمت میں آٹھ روپے کی کمی ہوئی تھی۔
سرکاری نرخنامے میں زندہ برائلر مرغی کے ریٹ میں 5 روپے کا اضافہ ہوا ہے جس کے بعد برائلر مرغی کا تھوک ریٹ 384 روپے کلو جبکہ پرچون ریٹ 398 روپے کلو ہو گیا ہے۔لاہور میں انڈوں کی فی درجن قیمت میں تین روپے کا اضافہ ہونے سے قیمت 233 روپے تک پہنچ گئی ہے۔
ملتان میں زندہ برائلر مرغی کی قیمت میں 10 روپے کااضافہ ہواہے، اس اضافے کے بعد زندہ برائلر مرغی کا تھوک ریٹ 374 روپے کلو جبکہ پرچون ریٹ 388 روپے کلو ہوگیا ہے۔گزشتہ روز مرغی کی قیمت میں 8 روپے کی کمی ہوئی تھی۔ملتان میں انڈوں کی قیمت میں دو دن کے دوران 38 روپے کا بڑا اضافہ ہو گیا جس کے بعد فی درجن انڈوں کی قیمت 233 روپے تک پہنچ گئی ہے۔
خیبرپختونخوا کے صوبائی دارالحکومت پشاور میں سبزیوں کی قیمتوں میں کمی ہوئی ہے، پشاور میں پیاز 10 روپے سستے ہو گئے ہیں، سرکاری نرخنامے میں قیمت 90 روپے فی کلو مقرر کی گئی ہے۔
سرکاری نرخنامہ میں ٹماٹر کی فی کلو قیمت 75 سے کم ہو کر 65 روپے ہو گئی ہے، آلو بھی 10 روپے سستے ہونے سے نئی قیمت 80 روپے کلو ہو گئی ہے، پشاور میں لیموں کی قیمت 100 روپے، لہسن 600 اور ادرک کی قیمت 380 روپے فی کلو کی سطح پر برقرار ہے۔