ناخن کے اردگرد کی جلد کیوں اترتی ہے؟ اس کی وجہ اور علاج ماہر سے جانیں

اسے ہاتھ یا منہ سے کھینچا جائے تو درد اور خون آنا شروع ہو سکتا ہے


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)انگلیوں یا ناخنوں کے ارد گرد کی جلد کا چھلنا ایک عام مسئلہ ہے جو بہت سی خواتین اور مردوں کو پیش آتا ہے۔ اس کا سبب مختلف عوامل ہو سکتے ہیں جیسے خشک جلد، وٹامنز اور کیلشیم کی کمی، کیمیکلز سے رابطہ، یا ہاتھوں کی غیر مناسب دیکھ بھال۔
یہ مسئلہ اس وقت اور بڑھ جاتا ہے جب جلد چھل کر پھٹنے لگتی ہے، اور اگر اسے ہاتھ یا منہ سے کھینچا جائے تو درد اور خون آنا شروع ہو سکتا ہے۔
ماہرین کے مطابق، اس مسئلے کی سب سے بڑی وجہ وٹامنز اور کیلشیم کی کمی، اور جلد کی خشکی ہو سکتی ہے۔ اس کے علاوہ ناخنوں کی مناسب دیکھ بھال نہ کرنا بھی اس کا سبب بن سکتا ہے۔
خشک موسم اور کیمیکلز سے بھرپور مصنوعات کا استعمال بھی جلد کی حالت کو متاثر کر سکتا ہے۔ اس سے نہ صرف ناخنوں کی جلد پھٹتی ہے بلکہ بیکٹیریا کی موجودگی سے انفیکشن بھی ہو سکتا ہے۔
ناخنوں کی دیکھ بھال کیسے کریں؟ ڈاکٹرز کے مطابق، ناخنوں کی جلد کے چھلنے کو روکنے کے لیے ضروری ہے کہ ناخنوں کا خیال رکھا جائے۔ انہیں صاف اور خشک رکھا جائے، اور کسی بھی چوٹ کا فوراً علاج کیا جائے۔
اس کے علاوہ،الرجی کی شکایت ہو توڈاکٹر سے مشورہ کرنا چاہیے اور اس کے تجویز کردہ علاج پر عمل کرناچاہیے۔ وٹامنز اور کیلشیم کی کمی کو پورا کرنے کے لیے متوازن غذا اور مناسب نیند ضروری ہے۔ اس کے علاوہ، جلد کی دیکھ بھال کے لیے موئسچرائزر کا استعمال کرنا بہت اہم ہے۔
ناخنوں کے اردگرد کی جلد کے چھلنے کی وجوہات
ناخن کاٹنے کی عادت
بہت سے لوگوں کو ناخن کاٹنے کی عادت ہوتی ہے۔ جس کی وجہ سے ان کے کیٹیکلز، جلد اور ناخن خراب ہو جاتے ہیں۔ ۔یہ عادت ناخنوں اور ان کے آس پاس کی جلد میں انفیکشن بھی پھیلا سکتی ہے۔ اس لیے اگرآپ کی ناخن کاٹنے کی عادت ہے تو اسے فورا چھوڑنے کی کوشش کریں۔
خشک جلد
بار بار ہاتھ دھونا اور پانی کی کمی سے جلد خشک ہو جاتی ہے اور ناخنوں کے ارد گرد کی جلد چھلنے لگتی ہے۔
جلد کے انفیکشن چنبل یا ایگزیما جیسے انفیکشن کی وجہ سے بھی جلد کی حالت خراب ہو سکتی ہے۔
ناخنوں کے چھلنے سے بچنے کے طریقے
ہاتھ بار بار نہ دھوئیں
بار بار ہاتھ دھونا جلد کو خشک کرتا ہے، اس لیے ضروری ہے کہ ہاتھ دھونے کے بعد موئسچرائزر لگایا جائے۔
گرم پانی سے بچیں
زیادہ گرم پانی کے استعمال سے بھی جلد خشک ہو جاتی ہے، اس لیے گرم پانی کے استعمال کو محدود کریں۔
موئسچرائزر کا استعمال
جلد کی نمی برقرار رکھنے کے لیے موئسچرائزر یا ہینڈ کریم کا استعمال کریں۔
پانی زیادہ پئیں
پانی پینے سے جلد ہائیڈریٹ رہتی ہے، جس سے ناخنوں کی جلد بھی صحت مند رہتی ہے۔
پھلوں کا استعمال
آئرن، وٹامن بی 12 اور بایوٹین سے بھرپور پھلوں کا استعمال کریں تاکہ جلد کومل اور ہائیڈریٹڈ رہے۔
ناخن نہ کاٹیں
ناخن کاٹنے کی عادت کو چھوڑ دیں تاکہ ناخنوں کے گرد کی جلد کی حالت بہتر ہو سکے۔
نیل پالش کا استعمال
نیل پالش اور ریموور کا استعمال کرتے وقت احتیاط کریں تاکہ جلد پر کسی قسم کا اثر نہ ہو۔
ان احتیاطی تدابیر کو اپنانے سے آپ ناخنوں کے ارد گرد کی جلد کے چھلنے کی پریشانی سے بچ سکتے ہیں اور اپنے ہاتھوں کی خوبصورتی اور صحت کو برقرار رکھ سکتے ہیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *