عمران خان کے وکیل فیصل چودھری کو گرفتاری کے کچھ دیر بعد چھوڑ دیا گیا
راولپنڈی (قدرت روزنامہ )بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے وکیل فیصل چودھری ایڈووکیٹ کو پولیس چوکی اڈیالہ جیل سے چھوڑ دیا گیا۔
ڈان نیوز کے مطابق آج کچھ دیر قبل بانی پاکستان تحریک انصاف کے وکیل ایڈووکیٹ فیصل چودھری کو اڈیالہ جیل کے باہر سے گرفتار کر لیا گیا، وہ بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کے لئے آئے تھے۔فیصل چودھری کو اڈیالہ جیل کے گیٹ نمبر 5 سے تحویل میں لے لیا گیا، فیصل چودھری بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کے لئے اڈیالہ جیل آئے تھے۔فیصل چودھری نے گزشتہ روز اڈیالہ جیل کے عملے سے تلخ کلامی کی تھی، فیصل چودھری جیل میں جانے پر تاخیر پر مشتعل ہوگئے تھے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز (6 فروری) پی ٹی آئی کے بانی و سابق وزیراعظم عمران خان کے وکیل فیصل چودھری کو اڈیالہ جیل میں داخلہ سے روک دیا گیا تھا۔جیل کے داخلی گیٹ پر فیصل چودھری اور جیل عملے کے مابین تلخ کلامی ہوئی تھی، دو گھنٹے تک ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ کے کمرے میں بٹھا کر فیصل چودھری کو واپس جانے کا کہہ دیا گیا تھا۔
فیصل چودھری نے اڈیالہ جیل چوکی میں جیل انتظامیہ کے خلاف مقدمہ درج کرنے کی درخواست دے دی تھی۔درخواست میں موقف اپنایا گیا تھا کہ داخلی گیٹ پر جیل عملے نے بتایا کہ آج آپ کو اندر جانے اجازت نہیں، احتجاج کرنے پر مجھے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ جیل کے کمرے میں 2 گھنٹے تک بٹھایا گیا۔مزید کہا گیا تھا کہ 2 گھنٹے تک مجھے حبس بیجا میں رکھا گیا، جیل عملہ پورا وقت میرے اور میرے ساتھ آئے سائلین کو ہراساں کرتا رہا، درخواست ہے کہ ملزمان کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے۔