ڈمپر اور ٹینکر حادثات میں اضافے پر گورنر سندھ کا چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ کو خط
![](https://dailyqudrat.pk/wp-content/uploads/2025/02/07-26.jpg)
کراچی ( قدرت روزنامہ ) گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے ڈمپر اور ٹینکر حادثات میں غیر معمولی اضافے پر چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ کو خط لکھ دیا۔
نجی ٹی وی “دنیا نیوز” کے مطابق خط میں گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے بڑھتے حادثات میں اضافے پر گہری تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ بڑھتے حادثات پر فوری اقدامات ناگزیر ہو چکے ہیں۔
کامران خان ٹیسوری نے کہا کہ قانون پر عمل درآمد نہ ہونے سے حادثات میں اضافہ تشویشناک ہے، ڈمپرز کی غیر ذمہ دارانہ ڈرائیونگ پر کارروائی کی جائے، ٹریفک حادثات میں قیمتی جانوں کے ضیاع کو روکنے کے لیے سخت اقدامات کیے جائیں۔
گورنر سندھ نے خط میں کہا کہ ڈمپر حادثے میں 4 شہری جاں بحق ہو چکے، ذمہ داروں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے، عوام کی جان و مال کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہونی چاہیے۔