اکشے کھنہ نے ابھی تک شادی کیوں نہیں کی؟
![](https://dailyqudrat.pk/wp-content/uploads/2025/02/13-20.jpg)
ممبئی (قدرت روزنامہ) بالی ووڈ کے مشہور اداکار اکشے کھنہ کئی دہائیوں پر محیط کامیاب فلمی کریئر کے باوجود وہ زیادہ تر لائم لائٹ اور نجی زندگی سے متعلق انکشافات سے دور ہی رہے ہیں۔ اکشے کھنہ آج تک غیر شادی شدہ ہیں اور ان کا کہنا ہے کہ مستقبل میں بھی ان کے لیے یہ ممکن نہیں ہوگا۔
ایک پرانے انٹرویو میں جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا شادی ان کے منصوبے میں شامل ہے؟ تو انہوں نے صاف کہا تھا “مجھے نہیں لگتا کہ میں شادی کروں گا۔ میں شادی کے لیے موزوں انسان نہیں ہوں۔ مجھے وہ طرزِ زندگی اپنانے میں مشکل ہوگی۔ یہ صرف ایک کمٹمنٹ نہیں بلکہ زندگی میں ایک بڑا بدلاؤ ہوتا ہے۔ شادی سب کچھ بدل دیتی ہے۔ میں اپنی زندگی پر مکمل کنٹرول چاہتا ہوں، لیکن جب آپ اپنی زندگی کسی اور کے ساتھ بانٹتے ہیں تو وہ کنٹرول ختم ہو جاتا ہے۔ آپ کو بہت کچھ شیئر کرنا پڑتا ہے۔”
اکشے کھنہ نے بچوں کو گود لینے کے امکان کو بھی مسترد کر دیا اور کہا “میں اپنی زندگی کو کسی کے ساتھ بانٹنے کے لیے تیار نہیں ہوں، چاہے وہ شادی ہو یا بچوں کی پرورش۔ بچہ آنے کے بعد سب کچھ بدل جاتا ہے، ہر چیز کی اہمیت کم ہو جاتی ہے کیونکہ بچہ سب سے زیادہ اہم بن جاتا ہے۔ یہ وہ تبدیلیاں ہیں جو میں اپنی زندگی میں نہیں لانا چاہتا۔ میں اپنی زندگی کے اصولوں پر سمجھوتہ کرنے کے لیے تیار نہیں ہوں اور نہ ہی مجھے لگتا ہے کہ مستقبل میں ایسا کوئی امکان ہوگا۔”
فی الحال اکشے کھنہ اپنی نئی فلم “چھاوا” کی ریلیز کی تیاری کر رہے ہیں ۔ اس فلم میں وہ مغل بادشاہ اورنگزیب کا کردار ادا کر رہے ہیں۔ فلم کے ہدایت کار لکشمن اوٹیکر نے ان کے انتخاب پر بات کرتے ہوئے کہا کہ “اکشے ایک بہترین انسان ہیں۔ وہ کم پروجیکٹس کرتے ہیں لیکن جو بھی کرتے ہیں، دل و جان سے کرتے ہیں۔”