بریتھ پاکستان: ہماری گاڑیوں سے کاربن اخراج میں 80 ملین ٹن کمی ہوئی، بی وائی ڈی
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)الیکٹرک گاڑیاں بنانے والی کمپنی بی وائی ڈی، میگا موٹرز کا کہنا ہے کہ وہ پاکستان میں کاربن کے اخراج میں کمی لانے اور ہوا کے معیار کو بہتر بنانے سے متعلق اہم حل کے طور پر ماحول دوست نیو انرجی گاڑیوں کے استعمال کو فروغ دے رہی ہے اور اس کی گاڑیوں کے باعث کاربن کے اخراج میں 80 ملین ٹن کمی آئی ہے۔
اسلام آباد میں جاری ڈان میڈیا کی ’بریتھ پاکستان‘ عالمی موسمیاتی کانفرنس کے دوسرے روز خطاب کرتے ہوئے بی وائی ڈی کے نائب صدر برائے سیلز اینڈ اسٹریٹجی دانش خلیق نے کہا کہ بی وائی ڈی کی جانب سے تیار کردہ الیکٹرک گاڑیوں پر منتقلی سے تقریباً 80 ملین ٹن کاربن کی کمی ہوئی ہے۔ یہ ماحول سے کاربن جذب کرنے والے 1.3 ارب درختوں کے برابر ہے‘۔
دانش خلیق نے کہا کہ جب ہم خاص طور پر الیکٹرک گاڑیوں کو دیکھتے ہیں تو روایتی گاڑیوں کے مقابلے کاربن کے اخراج میں 70 سے 80 فیصد کی کمی ہوتی ہے اور پلگ ان ہائبرڈ گاڑیوں میں کمی کا یہ تناسب 60 فیصد ہے۔
ماحولیات کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ بی وائی ڈی ماحولیات کی پائیداری کے اعتبار سے نقل و حرکت میں بڑی اور انقلابی تبدیلی لانے کے لیے پرعزم ہے۔
دانش خلیق نے کہا کہ نئی انرجی وہیکلز کی طرف منتقلی اب کوئی دور کا مقصد نہیں ہے اور یہ آج کے اہم ماحولیاتی چیلنجوں کا مقابلہ کرنے کی فوری ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہماری گاڑیاں نہ صرف اخراج کو کم کرتے ہیں بلکہ شہری نقل و حمل کے لیے ایک زیادہ مؤثر حل بھی پیش کرتی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ بریتھ پاکستان کے ساتھ شراکت داری گرین ٹرانسپورٹیشن کو آگے بڑھانے اور پائیدار جدت طرازی کے لیے ہمارے عالمی مشن میں ایک فطری قدم ہے۔
حال ہی میں پاکستانی مارکیٹ میں داخل ہونے والی کمپنی بی وائی ڈی اپنی جدید این ای وی ٹیکنالوجی اور پائیدار جدت کو بروئے کار لانے کے لیے پرعزم ہے تاکہ پاکستان کو ماحول دوست نقل و حرکت کی جانب منتقل کیا جا سکے۔ اس کے ساتھ ساتھ بی وائی ڈی ماحولیاتی چیلنجز سے نمٹنے اور زیادہ پائیداراور توانائی سے بھرپور مستقبل کو فروغ دینے کے لیے بھی پرعزم ہے۔