31 مقدمات کی تفتیشی ٹیموں کی اڈیالہ جیل آمد، بشریٰ بی بی کا جوابات دینے سے انکار لیکن اب کیا ہوگا؟ جانیے
![](https://dailyqudrat.pk/wp-content/uploads/2025/02/09-26.jpg)
راولپنڈی (قدرت روزنامہ) بانی پی ٹی آئی عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی نے حالیہ احتجاج کے 31 مقدمات میں تفتیش کے دوران پولیس کے سوالات کے جوابات دینے سے انکار کر دیا۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ بشریٰ بی بی کو ایک بار پھر شاملِ تفتیش کرنے کے لیے قانونی طریقہ کار اختیار کیا جائے گا۔
آج نیوز کے مطابق انسدادِ دہشت گردی عدالت میں سابق خاتون اول بشریٰ بی بی کے 26 نومبر کے بعد درج 31 مقدمات کی سماعت ہوئی۔ دورانِ سماعت بشریٰ بی بی کو کمرہ عدالت میں پیش کیا گیا، جبکہ تمام 31 مقدمات کے تفتیشی افسران بھی عدالت میں موجود تھے۔ بشریٰ بی بی نے مؤقف اختیار کیا کہ وہ بانی پی ٹی آئی اور اپنے وکیل سے مشاورت کے بعد بیان ریکارڈ کروانے کے لیے تیار ہیں۔
انہوں نے عدالت سے درخواست کی کہ اگر ملاقات کی اجازت دی جائے تو وہ آج ہی شاملِ تفتیش ہو سکتی ہیں۔ عدالت نے بشریٰ بی بی کی درخواست منظور کرتے ہوئے انہیں بانی پی ٹی آئی اور وکیل سے ملاقات کی اجازت دے دی۔ اس کے بعد مقدمات کی سماعت منگل تک ملتوی کر دی گئی۔
قبل ازیں، ذرائع کے مطابق، راولپنڈی پولیس کی تفتیشی ٹیمیں 31 مقدمات میں تفتیش کیلئے اڈیالہ جیل پہنچیں، جہاں ایڈمن بلاک میں بشریٰ بی بی کو باقاعدہ طور پر شاملِ تفتیش کیا گیا۔ تاہم، انہوں نے پولیس کے سوالات کے جوابات دینے سے انکار کرتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ وہ کسی بھی بیان سے قبل بانی پی ٹی آئی اور وکیل سے مشاورت کریں گی۔
تفتیشی افسران میں انسپکٹرز افضل، یعقوب شاہ، راشد کیانی، ممتاز اور دیگر شامل تھے، جنہوں نے بشریٰ بی بی سے حالیہ احتجاج کے مقدمات پر سوالات کیے۔ تاہم، انہوں نے پولیس کی ابتدائی تفتیش میں کوئی جواب دینے سے گریز کیا۔