یہ اسمبلیوں میں بیٹھ کر ہار گئے، آج عمران خان سے ساری دنیا پیار کرتی ہے، وزیراعلیٰ گنڈا پور
![](https://dailyqudrat.pk/wp-content/uploads/2025/02/11-30.jpg)
صوابی ـ(قدرت روزنامہ)وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی سے ساری دنیا کے لوگ پیار کرتے ہیں، یہ اسمبلیوں میں بیٹھ کر بھی ہار گئے ہیں۔
صوابی میں الیکشن کا ایک سال مکمل ہونے پر منتعقدہ پی ٹی آئی کے احتجاجی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے علی امین گنڈا پور نے کہا کہ ہمیں مجبور نہ کیا جائے، ہم اپنے شہدا اور غازیوں کو سلام پیش کرتے ہیں اور انہیں نہیں بھولیں گے اور اگر انقلاب کا نعرہ لگا دیا تو پھر تم اس کا بوجھ برداشت بھی نہیں کرسکو گے۔
انہوں نے کہا کہ فوج اور عوام کو حکومت لڑوا رہی ہے، ہم تو بات چیت کیلیے تیار ہیں جبکہ یہ بھاگ رہے ہیں، حکومت بات چیت سے بھاگ رہی ہے تو اس کا جواب بھی ہمیں دینا آتا ہے۔
علی امین گنڈا پور نے کہا کہ ہمارا صوبہ دہشت گردی کا شکار ہے اور عوام کے تعاون کے بغیر دہشت گردی کا مقابلہ ممکن نہیں، میں کہتا ہوں ان چووروں کا ساتھ دینا چھوڑ دو اور عوام کے پاس آجاؤ۔
انہوں نے کہا کہ بانی چیئر مین جیل میں بیٹھ کر جیت گیا، ہم متحد ہوکر بانی چیئرمین کی قیادت میں آگے بڑھیں گے اور اپنا حق آئین و قانون کی بالادستی تک مانتے رہیں گے، اس معاملے میں ہماری آواز ایک ہی ہے اور ہم ملکر آئین کا تحفظ مانگ رہے ہیں۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ پی ٹی آئی اور عمران خان نظریہ بن چکے ہیں، نظریہ مرتا نہیں نہ ہی ڈرتا ہے، تم ایوانوں میں بیٹھ کر بھی ہار گئے ہیں کیونکہ تمھارے پاس کوئی نظریہ نہیں ہے۔