پاسپورٹ بنوانے والوں کی بڑی پریشانی ختم ہوگئی
![](https://dailyqudrat.pk/wp-content/uploads/2025/02/19-12.jpg)
لاہور (قدرت روزنامہ) پاسپورٹ بنوانے کے لئے ایجنٹ مافیا سے پریشان شہریوں کے لیے اہم خبر آگئی، ڈی جی پاسپورٹس نے بڑا فیصلہ کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق پاسپورٹ دفاتر کے باہر ایجنٹ مافیا کے خلاف شکایات پر ڈی جی پاسپورٹس نے اہم فیصلہ کرلیا۔
ڈی جی پاسپورٹ نے ملک بھر میں پاسپورٹ دفاتر کے باہر ایجنٹس پر کڑی نظر رکھنے اور کریک ڈاؤن کے احکامات جاری کردیئے۔
جس میں کہا ہے کہ تمام ریجنل پاسپورٹ دفاتر یومیہ مانیٹرنگ رپورٹ ہیڈکوارٹرز جمع کروائیں گے ، ایجنٹس کی خفیہ مانیٹرنگ کے لیے ہیڈکوارٹرز کی ٹیم بھی سرپرائز وزٹ کرے گی۔
ڈی جی پاسپورٹس کا کہنا تھا کہ ایجنٹس کے خلاف روزانہ مقدمات کا اندراج اور گرفتاریاں کروائی جائیں گی۔
پاسپورٹ دفتر گارڈن لاہور کے باہر کارروائی کرتے ہوئے ایجنٹ گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا گیا، ڈی جی نے عوام سے اپیل کی شہری ایجنٹس کیخلاف کارروائیوں میں ہمارا ساتھ دیں۔
خیال رہے پاکستانی پاسپورٹ ریاست پاکستان کے شہریوں کو بین الاقوامی سفر کیلیے جاری کیا جاتا ہے۔ یہ دستاویز آپ کی شناخت اور پاکستانی شہریت کی تصدیق کرتی ہے اور وزارت داخلہ کی شاخ ڈائریکٹریٹ جنرل آف امیگریشن اینڈ پاسپورٹ پاسپورٹ جاری کرنے کی ذمہ داری ادا کرتی ہے۔
عام طور پر عام اور سرکاری پاسپورٹس جاری کیے جاتے ہیں، ان کی میعاد 5 یا 10 سال ہوتی ہے اور 15 سال سے کم عمر بچوں کے لیے 5 سال کا جاری کیا جاتا ہے۔
مشین ریڈ ایبل پاسپورٹ زیادہ محفوظ اور جدید ہیں۔ پاسپورٹ کی درخواست آن لائن یا قونصل خانے میں کی جا سکتی ہے اور اس کے بغیر بین الاقوامی سفر ناممکن ہے۔