لاہور میں گھر سے خاتون کی گلا کٹی لاش برآمد، شوہر زیر حراست
مقتولہ کا شوہر خلاف معمول رات کی ڈیوٹی چھوڑ کر دو دفعہ گھر آیا، ترجمان ڈی آئی جی آپریشنز

لاہور(قدرت روزنامہ)ساندہ تھانہ کی حدود میں واقع گھر سے خاتون کی گلہ کٹی لاش برآمد ہوئی جس پر مقتولہ کے شہر کو شک کی بنا پر حراست میں لے لیا گیا۔
پولیس کے مطبق ریسکیو ٹیموں کے پہنچنے سے قبل ہی خاتون دم توڑ چکی تھی اور خاتون کی شناخت 28 سالہ ردا کے نام سے ہوئی، لاش کو تحویل میں لے کر کارروائی شروع کر دی گئی۔
گھر میں موجود تمام افراد کے بیانات قلم بند کر لیے گئے جبکہ لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے مردہ خانہ منتقل کر دیا گیا ہے۔ قتل کا مقدمہ 413/25 تھانہ ساندہ میں درج کر لیا گیا۔
ترجمان ڈی آئی جی آپریشنز کے مطابق قتل کی افسوسناک واردات رات گئے 12 سے 3 بجے کے درمیان پیش آئی۔ مقتولہ گھر کی سب سے بالائی منزل پر رہائش پذیر تھی جبکہ نیچے کی منزل پر سسرال کا باقی خاندان رہائش پذیر ہے، گھر میں داخلہ کا ایک ہی رستہ ہے اور کسی قسم کی زبردستی داخل ہونے کی کوئی رپورٹ نہیں ہوئی۔
مقتولہ کا شوہر خلاف معمول رات کی ڈیوٹی چھوڑ کر دو دفعہ گھر آیا، رات 9 سے صبح 9 تک ڈیوٹی کرنے والا شوہر برگر دینے کے بہانے 11 بجے گھر آیا، شوہر نے دوبارہ ایک بجے گھر کا چکر لگایا اور تین بجے قتل کا واقعہ پیش آیا۔ شک کی بنیاد پر مقتولہ ردا کے شوہر شمشاد کو حراست میں لے لیا گیا۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ وقوعہ کی اطلاع ملتے ہی فوری مقدمہ درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا، واقعے کی تمام پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں، افسوسناک واقعہ میں ملوث ملزم یا ملزمان کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔