ماورا حسین کی بھارتی فلم”صنم تیری قسم” کا دوبارہ ریلیز پر شاندار کم بیک
فلم نے دوبارہ ریلیز پر صرف دو دن میں اپنی پہلی ریلیز کی کل آمدنی سے زیادہ کمالیے

لاہور (قدرت روزنامہ)پاکستانی اداکارہ ماورا حسین کی 2016 میں ریلیز ہونے والی رومانٹک بھارتی فلم “صنم تیری قسم” نے دوبارہ ریلیز پر شاندار کم بیک کیا ہے۔
اپنی پہلی بار ریلیز میں اس فلم نے باکس آفس پر محدود کامیابی حاصل کی تھی اور تقریباً 8.03 کروڑ بھارتی روپے کی نیٹ کلیکشن کے ساتھ اسے فلاپ قرار دیا گیا تھا۔
تاہم فلم کے 7 فروری 2025 کو دوبارہ ریلیز ہونے پر شائقین کی جانب سے حیران کن ردعمل دیکھنے میں آیا ہے۔
فلم نے پہلے ہی دن 5.14 کروڑ بھارتی روپے کا شاندار بزنس کیا اور اگلے ہی دن اپنی اصل ریلیز کی مکمل کمائی کو پیچھے چھوڑتے ہوئے تقریباً 9 کروڑ بھارتی روپے کا نیٹ کلیکشن حاصل کر لیا۔
رادھیکا راؤ اور ونے سپرو کی ہدایت کاری میں 2016 میں بننے والی اس فلم میں ہرش وردھن رانے اور ماورا حسین نے اداکاری کی ہے۔
ری-ریلیز پر شائقین کی بھرپور توجہ اور مثبت ردعمل کے باعث فلم کو غیر متوقع کامیابی حاصل ہوئی جو اس کی اصل ریلیز کے مقابلے میں ایک بڑی تبدیلی ثابت ہوئی ہے۔
واضح رہے کہ پاکستانی اداکارہ ماورا حسین گزشتہ جمعرات کو ساتھی اداکار امیر گیلانی کے ساتھ شادی کے بندھن میں بندھی ہیں۔دونوں مقبول پاکستانی ڈراموں ’ثبات‘ اور ’نیم‘ میں ایک ساتھ کام بھی کر چکے ہیں، کافی عرصے سے ایک دوسرے کے ساتھ دیکھے جا رہے تھے۔