آسمانی بجلی گرنے سے صحن میں لگا درخت دھماکے سے پھٹ گیا، اپنے بچوں کے ساتھ بیٹھی خاتون لکڑی کے ٹکڑے لگنے سے ہلاک


سڈنی(قدرت روزنامہ)آسٹریلیا کے ایک گاؤں میں 44 سالہ روزانا ہاشم اپنے گھر کے پچھلے صحن میں بیٹھی تھیں کہ آسمانی بجلی گرنے سے ایک درخت دھماکے سے پھٹ گیا۔ اس حادثے میں لکڑی کے ٹکڑے ان پر آ گرے، جس سے وہ موقع پر ہی ہلاک ہو گئیں۔ یہ افسوسناک واقعہ ان کی سالگرہ سے ایک دن پہلے شام کو تقریباً ساڑھے پانچ بجے پیش آیا حادثے کے وقت ان کے چاروں بچے بھی موقع پر موجود تھے اور اپنی ماں کو موت کے منہ میں جاتا دیکھ کر صدمے میں آ گئے۔
ڈیلی سٹار کے مطابق حادثے میں روزانا ہاشم کی ایک دوست بھی زخمی ہوئیں، جنہیں نیو ساؤتھ ویلز کے لیورپول ہسپتال منتقل کیا گیا۔ رپورٹ کے مطابق بجلی گرنے سے پیدا ہونے والی توانائی کی شدت نے ان کے ہاتھ میں موجود موبائل فون کو دھماکے سے پھاڑ دیا، جس کے نتیجے میں ان کی انگلی جزوی طور پر کٹ گئی اور جبڑا بھی فریکچر ہو گیا۔
نیو ساؤتھ ویلز ایمبولینس کے انسپکٹر ڈیوڈ کیناسٹن کے مطابق دونوں خواتین تقریباً چھ میٹر کے فاصلے پر ایک بڑے درخت کے قریب بیٹھی تھیں، جب اچانک آسمانی بجلی گری اور درخت دھماکے سے ٹکڑے ٹکڑے ہو گیا۔ لکڑی کے تیز ٹکڑے روزانا کو جا لگے جو ان کی موت کا سبب بنے۔
روزانا ہاشم ایک مشہور کاروباری خاتون تھیں اور اپنے گھر سے ہی “دی گرومری کیٹ گرومنگ سروسز” نامی کاروبار چلا رہی تھیں، جو اب غیر معینہ مدت کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔ ان کے دوستوں اور ساتھیوں نے ایک گو فنڈ می مہم بھی شروع کی ہے، جس میں اب تک تقریباً 3900 برطانوی پاؤنڈ جمع کیے جا چکے ہیں۔