چین دیرینہ ہمسایہ اور دوست، چین سے زیادہ کوئی بھی پاکستان کے قریب نہیں، علی حسن زہری

حب(قدرت روزنامہ)صدر آصف علی زرداری کے دورہ چین کے دورس نتائج برآمد ہوں گے، پاک چین دوستی ہمالیہ سے اونچی اور مضبوط ہے اور یہ دوستی مزید مضبوط ہوتی رہے گی ۔ ان خیالات کا اظہارصوبائی وزیر برائے زراعت و کوآپریٹو میر علی حسن زہری نے صدر مملکت کے ہمراہ دورہ چین کے بعد وطن واپسی پر کیا۔ انہوں نے کہا کہ صدر آصف علی زرداری کا دورہ چین نہایت کامیاب رہا اور پاکستانی وفد نے ملک اور قوم کی امنگوں کی کی بھرپور اور موثر طور پر ترجمانی کی۔ انہوں نے کہا کہ دورہ چین کے دوران باہمی دلچسپی کے امور کے ساتھ ساتھ مختلف مشترکہ مفادات کے جاری منصوبوں پر تیزی سے عملدرآمداور نئے منصوبوں کو حتمی شکل دینے پر اتفاق ہوا۔ دورہ کے دوران صدر مملکت نے چینی صدر شی جن پنگ اور پریمیئر لی چیانگ سے ملاقاتیں کیں چینی شہر ہاربن میں 9ویں ایشین ونٹر گیمز کی افتتاحی تقریب میں بھی شرکت کی۔دورہ کے موقع پر پاکستان اور چین کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کی یادداشتوں پر دستخط بھی کیے گئے۔صوبائی وزیر زراعت میر علی حسن زہری نے مزید کہا کہ پاکستان چین کا دیرینہ ہمسایہ اور دوست ہے اور چین سے زیادہ کوئی بھی پاکستان کے قریب نہیں ۔ انہوں نے کہا کہ چین میں قیام کے دوران چینی عوام کی پاکستانی عوام کے لئے محبت دیدنی تھی ۔ چینی عوام پاکستانیوں کو اپنا بھائی تصور کرتے ہیں ۔ میر علی حسن زہری نے کہا کہ چین اور پاکستان لازوال دوستی میں بندھے ہوئے ہیں اور کوئی بھی پاک چین دوستی کو کم نہیں کر سکتا۔ پاک چین دوستی سے ہمارے ازدلی دشمن بھارت اور اس کے حواریوں کو بہت تکلیف پہنچتی ہے اور وہ نہیں چاہتے کہ پاک چین دوستی پروان چڑھے لیکن حقیقت ہے کہ پاکستان اور چین نے ہمیشہ ایک دوسرے کے مفادات کا خیال رکھا ہے اور مشکل وقت میں ساتھ دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ سی پیک اور گوادر بندرگاہ سمیت پاکستان میں ترقیاتی منصوبوں میں چین نے اپنا بھرپور کردار ادا کیا ہے جس کے لئے پاکستانی عوام چین کے بے لوث کردار کو سراہتے ہیں ۔ میر علی حسن زہری نے کہا کہ صدر آصف علی زرداری اور وفد میں شامل ساتھیوں نے چینی سربراہ سے ملاقات کے دوران دو ٹوک الفاظ میں کہا کہ پاکستان کے قریب چین سے زیادہ کوئی نہیں ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے چین سے تعلقات ہمیشہ سے مستحکم اور برادرانہ رہے ہیں اور اس میں وقت کے ساتھ ساتھ مزید بہتری اور مضبوطی آتی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ خطے میں چین کا کردار اہم ہے اور سماجی و اقتصادی ترقی کے لیے افغانستان سمیت پورے خطے میں امن و استحکام کے حصول کے لیے پاکستان اور چین سمیت تمام سٹیک ہولڈرز کے ساتھ مل کر کام کرنے کے عزم کا متمنی ہے ۔میر علی حسن زہری نے مزید کہاکہ دونوں ممالک کئی دہائیوں سے ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے ہیں اور آئندہ آنے والی دہائیوں میں بھی ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔ انہوں نے پاکستان کی علاقائی سالمیت، خودمختاری اور قومی ترقی کے لیے چین کی بھرپور حمایت کے ساتھ ساتھ تنازع کشمیر پر اس کے اصولی اور منصفانہ موقف کو سراہتے ہوئے کہا کہ چین نے ہمیشہ پاکستانی موقف کی حمایت کی ہے جس کے لئے ہم چین کے مسلسل تعاون اور حمایت کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ پاکستان بھی ون چائنا پالیسی سمیت تمام بنیادی مسائل پر چین کی بھرپور حمایت جاری رکھے گا۔میر علی حسن زہری نے امید ظاہر کی کہ خطے میں دیرپا امن اور استحکام کے لئے پاک چین دوستی اور تعاون خطے میں موجود ممالک کے درمیان توازن برقرار رکھنے میں اہم ثابت ہوگا۔