چیف جسٹس کی زیرصدارت جوڈیشل کمیشن اجلاس، جسٹس منصور اور جسٹس منیب کا بائیکاٹ

بیرسٹر علی ظفر اور بیرسٹر گوہر نے بھی اجلاس کا بائیکاٹ کیا، ذرائع


اسلام آباد(قدرت روزنامہ)جسٹس منصور علی شاہ اور جسٹس منیب اختر نے جوڈیشل کمیشن کااجلاس کا بائیکاٹ کردیا۔
چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی کی زیر صدارت جوڈیشل کمیشن کا اجلاس شروع ہوا، جس میں 8 نئے ججز کی سپریم کورٹ تعیناتی پر غور کیا جانا تھا۔
ذرائع کے مطابق چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کی سربراہی میں ہونے والے جوڈیشل کمیشن کے اجلاس کا جسٹس منصور علی شاہ اور جسٹس منیب اختر نے بائیکاٹ کیا ہے۔
علاوہ ازیں بیرسٹر علی ظفر اور بیرسٹر گوہر نے بھی اجلاس کا بائیکاٹ کیا۔ بیرسٹر گوہر نے کہا کہ ہمارا اعتراض تھا کہ 26ویں آئینی ترمیم پر فیصلے تک اجلاس مؤخر کیا جائے۔ اس اعتراض پر ووٹنگ ہوئی اور اکثریت سے فیصلہ ہوا کہ اجلاس جاری رکھا جائے گا۔
انہوں نے بتایا کہ 2 جج صاحبان جسٹس منصور علی شاہ اور جسٹس منیب اختر بھی اجلاس میں شریک نہیں ہوئے۔ بیرسٹر گوہر نے کہا کہ ہم نے اجلاس میں شرکت نہیں کی۔
واضح رہے کہ ممبر جوڈیشل کمیشن اور پی ٹی آئی کے سینیٹر بیرسٹر علی ظفر نے گزشتہ روز چیف جسٹس کو خط میں آج کا اجلاس موخر کرنے کا مطالبہ کیا تھا جب کہ آج میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آئین و قانون کا تقاضا ہے کہ جوڈیشل کمیشن کا اجلاس مؤخر کیا جائے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *