ترکیہ کے صدر طیب اردوان کل دو روزہ دورے پر پاکستان پہنچیں گے
ترک صدر کے ہمراہ اعلیٰ سطح کا وفد بھی ہوگا

اسلام آباد(قدرت روزنامہ)ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان کل 12 سے 13 فروری تک پاکستان کا دورہ کریں گے۔ یہ دورہ وزیر اعظم شہباز شریف کی دعوت پر کیا جا رہا ہے۔
ترکیہ کے صدر کے ہمراہ اعلیٰ سطح کا وفد بھی ہوگا جس میں وزراء، اعلیٰ حکام اور کارپوریٹ رہنما شامل ہوں گے۔ دورے کے دوران، دونوں ممالک کے درمیان تجارتی و معاشی معاہدوں پر بات چیت کی جائے گی۔
صدر اردوان اور وزیر اعظم شہباز شریف پاک ترک اعلیٰ سطح سٹریٹجک کوآپریشن کونسل (HLSCC) کے ساتویں اجلاس کی مشترکہ صدارت کریں گے۔ سیشن کے اختتام پر ایک مشترکہ اعلامیہ جاری کیا جائے گا، اور متعدد اہم معاہدوں/ایم او یوز پر دستخط متوقع ہیں۔
دورے کے دوران صدر اردوان، وزیر اعظم شہباز شریف اور صدر آصف علی زرداری سے بھی دو طرفہ ملاقاتیں کریں گے۔ وزیر اعظم شہباز شریف کے ساتھ وہ پاکستان ترکیہ بزنس اینڈ انویسٹمنٹ فورم سے بھی خطاب کریں گے، جس میں دونوں اطراف کے سرکردہ سرمایہ کاروں، کمپنیوں اور کاروباری افراد کو اکٹھا کیا جائے گا۔
ہائی لیول اسٹریٹجک کوآپریشن کونسل (HLSCC) فیصلہ سازی کا اعلیٰ ترین فورم ہے، جو دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے اسٹریٹجک سمت فراہم کرتا ہے۔
اب تک ایچ ایل ایس سی سی کے چھ اجلاس منعقد ہو چکے ہیں، اور آخری اجلاس 13-14 فروری 2020 کو اسلام آباد میں ہوا تھا۔
پاکستان اور ترکیہ تاریخی برادرانہ رشتہ رکھتے ہیں اور ترکیہ کے صدر کا دورہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید گہرا کرنے اور کثیر جہتی تعاون کو بڑھانے میں معاون ثابت ہوگا۔