چیمپیئنز ٹرافی سے قبل بھارتی کرکٹ ٹیم کو دھچکا، اہم فاسٹ بولر انجری کا شکار
![](https://dailyqudrat.pk/wp-content/uploads/2025/02/00-293.jpg)
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)بھارتی فاسٹ بولر جسپریت بمراہ آئی سی سی مینز چیمپئنز ٹرافی 2025 کے لیے ٹیم سے باہر ہوگئے ہیں جبکہ ہرشیت رانا کو ان کے متبادل کے طور پر نامزد کیا گیا ہے۔
یہ دوسرا آئی سی سی ایونٹ ہے جس سے 31 سالہ فاسٹ بولر کو کمر کی چوٹ کی وجہ سے محروم ہونا پڑا ہے۔
جنوری میں بارڈر-گواسکر ٹرافی کے دوران کمر کے نچلے حصے میں چوٹ لگی تھی جو ہندوستان کے تیز رفتار بولر کو سائیڈ لائن کرنے کا باعث بنی ہے، بمراہ آسٹریلیا میں ہونے والے آئی سی سی مینز ٹی 20 ورلڈ کپ 2022 سے بھی باہر ہو گئے تھے۔
ہرشیت رانا نے انگلینڈ کے خلاف جاری ون ڈے سیریز میں اپنی عمدہ کارکردگی سے سیلیکٹرز کو بہت متاثر کیا، انہوں نے اپنے پہلے 2 میچز میں 4 وکٹیں حاصل کی ہیں، تیسرا ون ڈے بدھ کو احمد آباد میں کھیلا جائے گا۔
بھارت نے یشسوی جیسوال کی جگہ اسپنر وارون چکرا ورتھی کو بھی ٹیم میں شامل کیا ہے، جو اصل میں عارضی ٹیم کا حصہ تھے، جیسوال کو محمد سراج اور شیوم دوبے کے ساتھ غیر سفری متبادل کے طور پر نامزد کیا گیا ہے۔
بھارتی ٹیم اپنی آئی سی سی مینز چیمپئنز ٹرافی 2025 مہم کا آغاز 20 فروری کو بنگلہ دیش کے خلاف کرے گی، جس کے بعد 23 فروری کو بھارت اپنے روایتی حریف پاکستان سے مقابلہ کرے گا۔ ہندوستان گروپ اے کا اپنا آخری میچ 2 مارچ کو نیوزی لینڈ کے خلاف کھیلے گا۔
آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کے لیے بھارتی کرکٹ ٹیم کے اسکواڈ میں روہت شرما (کپتان)، شبمن گل، ویرات کوہلی، شریاس ائیر، کے ایل راہول، رشبھ پنت، ہاردک پانڈیا، اکسر پٹیل، واشنگٹن سندر، کلدیپ یادیو، ہرشیت رانا، محمد شامی، ارشدیپ سنگھ، راوندرا جڈیجا اور وارون چکرا ورتھی شامل ہیں۔