اداکارہ عریشہ رضی خان کے ہاں ننھے مہمان کی آمد متوقع، بےبی شاور کی تصاویر وائرل
![](https://dailyqudrat.pk/wp-content/uploads/2025/02/00-296.jpg)
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پاکستانی اداکارہ عریشہ رضی خان جلد ہی اپنے پہلے بچے کا خیر مقدم کرنے والی ہیں۔
عریشہ رضی نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر شوہر کے ہمراہ اپنی ’بے بی شاور‘ کی تقریب سے خوبصورت تصاویر شیئر کرتے ہوئے مداحوں کو بتایا کہ وہ جلد ماں بننے والی ہیں۔
اداکارہ نے انسٹاگرام پر شیئر کی گئی پوسٹ کے کیپشن میں لکھا کہ ’ہم بے تابی سے اس دن کا انتظار کر رہے ہیں‘۔ انہوں نے مزید لکھا کہ انہوں نے محبت، ہنسی اور بہت ہی خاص لمحات سے بھرپور بے بی شاور کا تجربہ کیا، اداکارہ نے ان تمام لوگوں کا دل سے شکریہ ادا کیا جنہوں نے اس دن کو خاص اور یادگار بنایا۔
اداکارہ کی اس پوسٹ پر شوبز شخصیات اور مداحوں کی جانب سے مبارکباد دینے کا سلسلہ جاری ہے۔
واضح رہے کہ عریشہ رضی نے سال 2022 میں عبدالصمد ضیا نامی لڑکے کے ساتھ نکاح کیا تھا لیکن اُن کے نکاح کی تقریب کے فوٹوگرافر نے اُن کی اجازت کے بغیر تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل کردی تھیں جس کے بعد تنازع کھڑا ہوگیا تھا۔
عریشہ رضی خان کی گزشتہ سال کے آغاز میں شوہر، عبداللّٰہ فرخ کے ساتھ رخصتی ہوئی تھی۔ شادی کی تقریبات میں ڈھولکی، برائیڈل شاور، دُعائے خیر، مایوں اور گیم نائٹ شامل تھیں۔
عریشہ رضی نے اپنی شادی کی تقریب میں بولی ووڈ کے مشہور گانے ’چھمک چھلو‘ پر رقص بھی کیا، جس کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی تاہم کچھ سوشل میڈیا صارفین نے اداکارہ کو اپنی شادی پر رقص کرنے پر تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔
اداکارہ کئی مشہور ڈرامہ سیریلز میں نظر آ چکی ہیں جن میں ’دکھاوا‘، ’دل پہ زخم کھائے‘، ’چوراہا‘ ’چاند کی پریاں‘، ’مکافات‘ اور ’تمہارے عشق کے نام‘ شامل ہیں۔