آئی ایم ایف بریفنگ سے ملک میں قانون کی عملداری کا اندازہ ہوتا ہے، شاہ محمود قریشی

اسلام آباد(قدرت روزنامہ)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف کی بریفنگ سے واضح ہوتا ہے کہ ملک میں قانون کی حکمرانی کس نہج پر ہے۔

لاہور میں انسداد دہشتگردی عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ ماضی میں کبھی ایسا نہیں ہوا کہ آئی ایم ایف کا وفد چیف جسٹس سے بریفنگ لے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ صورتحال میں شہباز شریف اور حمزہ شہباز تمام مقدمات سے بری ہو جائیں گے، جبکہ وہ حلفیہ کہتے ہیں کہ 9 مئی کے کیسز میں وہ بے قصور ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ دو جج صاحبان نے کہا کہ پہلے فیصلہ ہونے دیں، اگر 26 ویں ترمیم کی درخواستوں کا انتظار کر لیا جاتا تو زیادہ بہتر ہوتا، اب بلاوجہ ایک نیا تنازع کھڑا ہوگیا ہے۔

شاہ محمود قریشی نے دعویٰ کیا کہ تمام بڑی جماعتیں پی ٹی آئی کے مؤقف کی تائید کر رہی ہیں اور جلد ہی ایک گرینڈ الائنس بننے جا رہا ہے۔ ان کے مطابق شاہد خاقان عباسی اپنی حکومت سے لاتعلق ہو چکے ہیں اور پی ٹی آئی کے ساتھ کھڑے ہیں، جبکہ مفتاح اسماعیل، محمود خان اچکزئی اور مولانا فضل الرحمان بھی ان کے مؤقف کی حمایت کر رہے ہیں۔

انہوں نے حکومت پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ حالات بدل چکے ہیں لیکن حکومت ہٹ دھرمی پر اتر آئی ہے۔ صوابی میں جلسے کے باوجود دفعہ 144 نافذ کر دی گئی، جبکہ عطاء تارڑ کا جلسہ بغیر کسی رکاوٹ کے منعقد ہوا۔ انہوں نے ملتان میں اپنی بیٹی کی گرفتاری کو بھی امتیازی سلوک قرار دیا اور کہا کہ عوام سب کچھ دیکھ رہے ہیں۔

شاہ محمود قریشی نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے اپنے خط میں 6 نکات پیش کیے جو مثبت تجاویز پر مبنی تھے اور انہیں عالمی سطح پر پذیرائی بھی ملی، لیکن حکومت کی جانب سے کوئی جواب نہیں دیا گیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ پی ٹی آئی کو کسی ڈیل کی ضرورت نہیں، وہ عدالتوں کا سامنا کریں گے اور بے گناہی ثابت کرکے سرخرو ہوں گے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *