اراکین اسمبلی پر کرپشن کے الزامات، سپیکر نے تحقیقات کیلئے وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ کو خط لکھ دیا

پشاور (قدرت روزنامہ ) وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ علی امین گنڈاپور کو اراکینِ صوبائی اسمبلی پر کرپشن کے الزامات کی تحقیقات کیلئے خط ارسال کر دیا گیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق اس حوالے سے سپیکر خیبرپختونخواہ اسمبلی بابر سلیم سواتی نے وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کو خط لکھا جس میں انہوں نے ممبران صوبائی اسمبلی پر کرپشن کے الزامات کی تحقیقات کا مطالبہ کردیا، اپنے خط میں بابر سلیم سواتی نے سینیٹر اعظم سواتی کے الزامات کا حوالہ دیتے ہوئے لکھا کہ سابق سینیٹر اعظم سواتی نے مانسہرہ کے عوامی نمائندگان پر کرپشن کے الزامات لگائے، ان الزامات کی غیر جانبدار تحقیقات کے لیے انکوائری کمیٹی قائم کی جائے۔
بتایا جارہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین عمران خان کی ہدایت پر خیبرپختونخواہ میں کڑے احتساب کے لئے تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں، جس کے لیے مشیر احتساب مصدق عباسی نے اینٹی کرپشن فورس ایکٹ تیارکرلیا ،اینٹی کرپشن فورس میں نئی بھرتیاں کرکے ڈیپوٹیشن عملے کو واپس بھیجا جائے گا، اینٹی کرپشن فورس میں تین ونگز ہوں گے ، فورس کی سربراہی ڈائریکٹر جنرل اینٹی کرپشن کریں گے، فورس میں 10 سے زیادہ افراد کو بھرتی کیا جائے گا جنہیں 4 ماہ کی ٹریننگ دی جائے گی، پراسیکیوشن کا ڈی جی کنٹریکٹ بنیادوں بھرتی کیا جائے گا۔

ذرائع نے بتایا کہ محکمہ اینٹی کرپشن بے نامی جائیدادوں کی تحقیقات کرسکے گا، عوام سے دھوکا دہی کرنے والوں کے خلاف کارروائی کے اختیارات بھی اینٹی کرپشن کو حاصل ہوں گے ، انویسٹی گیٹر6 ماہ میں انکوائری مکمل کرےگا، 6 ماہ میں انکوائری مکمل نہ ہونے پر ایک سال کا وقت دیاجائے گا اور ایک سال میں انکوائری مکمل نہ ہونے پر بند کردی جائے گی، ادارہ عدالتوں میں کیسز لڑنے کے لئے اپنے پراسیکیوٹر بھرتی کرے گا، معلومات دینے والے شہری اور اچھی تحقیقات کرنے والے افسران کوانعامات دیے جائیں گے ، غلط کیس بنانے والے اہلکاروں کو 3 سے 7 سال کی قید ہوگی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *