پاکستان سے شکست کے بعد جنوبی افر یقی کپتان کا رد عمل

کراچی(قدرت روزنامہ) جنوبی افریقی کپتان تمبا باووما نے پاکستان کے خلاف شکست کے بعد کہا کہ 350 رنز کا ہدف دینے کے بعد ہمیں یقین تھا کہ ہم میچ میں مضبوط پوزیشن میں ہیں لیکن اہم لمحات میں وکٹیں حاصل نہ کر سکے جس کی وجہ سے میچ ہمارے ہاتھ سے نکل گیا۔

میچ کے بعد گفتگو کرتے ہوئے تمبا باووما نے کہا ہم نے کچھ جلدی وکٹیں حاصل کیں جس سے پاکستان کا رن ریٹ سست ہوا، لیکن ہم مسلسل دباؤ برقرار رکھنے میں ناکام رہے۔انہوں نے مزید کہا کہ یہ ایک اچھی بیٹنگ پچ تھی، گیند میں تھوڑی بہت سوئنگ ضرور تھی، مگر مجموعی طور پر بولرز کے لیے یہ ایک مشکل دن تھا۔ اگر بولرز دونوں طرف گیند کریں گے تو بلے باز انہیں آسانی سے باؤنڈری کے پار بھیج دیں گے۔ درمیانی اوورز میں یا تو آپ دباؤ بڑھاتے ہیں یا پھر وکٹیں حاصل کرتے ہیں تاکہ آخری اوورز میں حریف ٹیم کو مشکلات کا سامنا ہو۔

اپنی بیٹنگ فارم پر بات کرتے ہوئے باووما نے کہا میں گیند کو اچھا ہٹ کر رہا ہوں۔ میری آخری بڑی اننگز پاکستان کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں تھی، اس لیے اس کارکردگی سے اعتماد بحال ہوا ہے۔یاد رہے کہ جنوبی افریقہ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 352/5 کا بڑا مجموعہ بنایا تھا، لیکن محمد رضوان اور آغا سلمان کی شاندار بیٹنگ کی بدولت پاکستان نے یہ ہدف 49ویں اوور میں حاصل کر لیا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *