مومنہ مستحسن نے انسٹاگرام سے اپنی تمام پوسٹس ڈیلیٹ کیوں کیں؟مداح پریشان
![](https://dailyqudrat.pk/wp-content/uploads/2025/02/01-49.jpg)
کراچی(قدرت روزنامہ)پاکستانی میوزک انڈسٹری کی مشہور گلوکارہ مومنہ مستحسن نے حال ہی میں اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ سے تمام پوسٹس ڈیلیٹ کر دی ہیں، جس سے ان کے مداحوں میں بےچینی اور حیرت کی لہر دوڑ گئی ہے۔ ان کے 41 لاکھ فالوورز اس اچانک اقدام پر مختلف قیاس آرائیاں کر رہے ہیں، کیونکہ گلوکارہ نے خود اس بارے میں کوئی وضاحت نہیں دی۔
نجی ٹی وی چینل آج نیوز کے مطابق مومنہ مستحسن کے اگر موسیقی سے شہرت تک کے سفرکی بات کریں توان کا شمار پاکستان کی سب سے زیادہ پسند کی جانے والی گلوکاراؤں میں ہوتا ہے۔ ان کی سادگی، دلفریب مسکراہٹ، اور سریلی آواز نے انہیں لاکھوں دلوں کی دھڑکن بنا دیا۔ ان کا موسیقی کا سفر 2011 میں شروع ہوا جب انہوں نے فرحان سعید کے مشہور گانے ’پئیندا اے‘ میں اپنی آواز کا جادو جگایا۔
لیکن اصل شہرت انہیں 2016 میں کوک سٹوڈیو سیزن 9 کے مشہور گانے ’آفریں آفریں‘ سے ملی، جو انہوں نے راحت فتح علی خان کے ساتھ گایا۔ اس گانے کی ریلیز کے بعد وہ نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا بھر میں پہچانی جانے لگیں۔ اس کے بعد انہوں نے تیرا وہ پیار، بازی، باری، اور ’باری ٹو‘ جیسے سپر ہٹ گانے دیے۔
مومنہ مستحسن سوشل میڈیا پر کافی سرگرم رہتی ہیں، جہاں وہ نہ صرف اپنی زندگی اور کیریئر کی جھلکیاں شیئر کرتی ہیں بلکہ سماجی مسائل جیسے خواتین کے حقوق اور ذہنی صحت پر بھی بات کرتی ہیں، لیکن اچانک اپنی تمام انسٹاگرام پوسٹس کو ڈیلیٹ کرنے کا فیصلہ کیوں کیا؟ اس بارے میں کوئی باضابطہ بیان تو جاری نہیں کیا گیا، تاہم مختلف نظریات زیر گردش ہیں۔
کچھ مداحوں کا خیال ہے کہ مومنہ کوئی بڑا پروجیکٹ یا نئی موسیقی لانے والی ہیں، اور یہ سب ری برانڈنگ کا حصہ ہو سکتا ہے۔کچھ لوگوں کا اندازہ ہے کہ وہ اپنی ذاتی زندگی میں کسی بڑی تبدیلی سے گزر رہی ہیں اور شاید اس وجہ سے انہوں نے سوشل میڈیا سے عارضی طور پر بریک لیا ہے۔
جدید دور میں سوشل میڈیا ڈیٹوکس ایک عام رجحان بن چکا ہے، جہاں مشہور شخصیات کچھ عرصے کے لیے ڈیجیٹل دنیا سے کنارہ کشی اختیار کرتی ہیں۔چونکہ مومنہ مستحسن سماجی کاموں میں بھی پیش پیش رہتی ہیں، ممکن ہے کہ وہ کسی نئی سوشل مہم کا آغاز کر رہی ہوں اور جلد اس کا اعلان کریں گی۔
مداحوں کی بے چینی اور امیدیں اپنی جگہ، وجہ چاہے کچھ بھی ہو، مومنہ مستحسن کے مداح ان کے اگلے قدم کے منتظر ہیں۔ وہ امید کر رہے ہیں کہ گلوکارہ جلد اپنی واپسی کا اعلان کریں گی اور شاید کوئی نیا گانا، سوشل پروجیکٹ یا میوزک البم مداحوں کے لیے سرپرائز بن کر سامنے آئے گا۔
جب تک مومنہ خود اس حوالے سے کچھ نہیں کہتیں ان کے مداح ان کے ہر نئے قدم کے منتظر رہیں گے۔