پارٹی سے نکالے جانے کے بعد شیر افضل مروت نے ایکس پر پہلی پوسٹ کیا کی؟
![](https://dailyqudrat.pk/wp-content/uploads/2025/02/8-1.gif)
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)رکن قومی اسمبلی شیر افضل مروت کو پاکستان تحریک انصاف سے نکال دیا گیا ہے۔ پی ٹی آئی سے نکالے جانے کے بعد شیر افضل مروت نے سماجی رابطوں کی سائٹ ایکس پر ایک پیغام جاری کیا ہے جس میں انہوں نے کہا کہ ’عمران خان میرا لیڈر تھا، ہے، اور رہے گا‘۔ ساتھ ہی انہوں نے ایک ویڈیو بھی شیئر کی جس میں انہیں عمران خان زندہ باد اور پی ٹی آئی زندہ باد کے نعرے لگاتے دیکھا جا سکتا ہے۔
واضح رہے کہ پی ٹی آئی نے ایم این اے شیر افضل مروت کو پارٹی سے نکالنے کا اعلامیہ جاری کر دیا ہے۔ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کی ہدایت پر شیر افضل مروت کو پارٹی سے نکال دیا گیا ہے۔ یہ نوٹیفکیشن پر پی ٹی آئی کے ایڈیشنل سیکریٹری جنرل فردوس شمیم نقوی کے دستخط سے جاری کیا گیا ہے۔
اس نوٹیفکیشن کے سامنے آنے سے قبل ہی شیر افضل مروت نے اپنے خدشے کا اظہار ایکس پر ایک پوسٹ کے ذریعے کیا تھا جس میں ان کا کہنا تھا کہ ’میں نے خان صاحب کو نہیں چھوڑا لیکن اگر وہ مجھے چھوڑ گئے تو میں پھر کبھی ان کے پاس نہیں جاؤں گا‘۔ انہوں نے مزید کہا تھا کہ ’میں خان صاحب کی ہمیشہ عزت کروں گا اور وہ ہمیشہ میرے لیڈر رہیں گے‘۔
یاد رہے کہ گزشتہ ماہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کی ہدایت پر شیر افضل مروت کو شوکاز نوٹس جاری کیا گیا تھا۔ شوکاز نوٹس میں کہا گیا تھا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کے واضح احکامات کے باوجود شیر افضل مروت نے پارٹی کے سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ اور حکومت سے ہونے والے مذاکرات کے خلاف بیانات دیے ہیں جو پارٹی پالیسی کی خلاف ورزی ہے۔ تاہم، پی ٹی آئی کے چیئرمین بیرسٹر گوہر علی رکن قومی اسمبلی شیر افضل مروت کو پارٹی سے نکالنے کے فیصلے پر لاعلم نکلے تھے۔
بیرسٹر گوہر نے پی ٹی آئی رہنما شیر افضل مروت کو پارٹی سے نکالے جانے کی خبروں پر لاعلمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ ان کے پاس عمران خان کی جانب سے ایسی کوئی اطلاعات نہیں آئیں۔ اوریہ پارٹی کا اندرونی معاملہ ہے