عمران خان سے گنڈاپور کی ملاقات؛ شیر افضل مروت سے متعلق اہم گفتگو

اڈیالہ جیل میں عمران خان سے ملاقات کے لیے پارٹی سے وابستہ دیگر افراد بھی اڈیالہ جیل پہنچے


راولپنڈی(قدرت روزنامہ)عمران خان سے علی امین گنڈاپور نے ملاقات کی ہے، جس میں شیر افضل مروت سے متعلق اہم بات چیت ہوئی۔
ذرائع کے مطابق آج جمعرات کا دن بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات کا روز ہے۔ اس سلسلے میں وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین نڈاپور کے علاوہ پارٹی سے وابستہ دیگر افراد بھی ملاقات کے لیے اڈیالہ جیل پہنچے۔
عمران خان سے ملاقات کے لیے اڈیالہ جیل آنے والوں میں علی امین گنڈاپور کے علاوہ صوبائی وزیر خیبر پختونخوا سہیل آفریدی، حلیم عادل شیخ، بریگیڈیئر ریٹائرڈ مصدق عباسی، سیمابیہ طاہر، سابق ڈپٹی اسپیکر کے پی اسمبلی مشتاق غنی اور صوبائی وزیر تیمور جھگڑا شامل تھے۔
وزیراعلیٰ خیبر پخونخوا علی امین گنڈاپور عمران خان سے 2 گھنٹے طویل ملاقات کے بعد اڈیالہ جیل سے واپس روانہ ہوئے۔
ذرائع کے مطابق انہوں نے بانی پی ٹی آئی سے صوابی جلسے، پارٹی اور دیگر سیاسی امور پر تفصیلی بات چیت کی۔ علاوہ ازیں علی امین گنڈاپور نے بانی چیئرمین عمران خان سے پارٹی رہنما شیر افضل مروت کو پارٹی سے نکالنے کا فیصلہ واپس لینے کی بھی درخواست کی۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز عمران خان نے شیر افضل مروت کو پارٹی سے نکالنے کے لیے پی ٹی آئی رہنماؤں کو ہدایات جاری کی تھیں، جس کے بعد ان سے اسمبلی کی رکنیت سے بھی استعفا طلب کیا جانا تھا۔
دوسری جانب پی ٹی آئی کے رہنما اور رکن قومی اسمبلی شیر افضل مروت نے سوشل میڈیا پر اپنے بیان میں کہا ہے کہ وہ ہمیشہ پی ٹی آئی اور عمران خان کے ساتھ وفادار رہے اور اپنے اصولوں پر ڈٹے رہے۔
انہوں نے کہا کہ مجھے حالیہ فیصلے سے سخت دکھ ہوا، ایسا محسوس ہوتا ہے کہ یہ فیصلہ ان افراد نے کروایا ہے جنہوں نے مجھے پارٹی میں قبول ہی نہیں کیا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *