خواجہ سعد رفیق کی اپنی ہی حکومت پر کڑی تنقید کیوں؟

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ سعد رفیق نے حکومتی پالیسیوں پر کڑی تنقید کی ہے۔ ٹوئیٹ پیغام میں انہوں نے کہا کہ وزارت ایوی ایشن ختم کرکے اسے وزارت دفاع میں ضم کرانا نامناسب فیصلہ ہے، جس پر افسوس ہوا۔
ایکس پوسٹ پر خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ ایوی ایشن وزارت کے خاتمے کے اقدام سے ایوی ایشن انڈسٹری کو نقصان ہوگا۔ ن لیگ کے انتخابی منشور میں ریلویز اور ایوی ایشن کو ملا کر وزارت ٹرانسپورٹ بنانے کا وعدہ کیا گیا تھا۔
سعد رفیق نے لکھا کہ اگر رائٹ سائزنگ ہی کرنا تھی تو ریلویز، ایوی ایشن اور پورٹ اینڈ شپنگ کو ملا کر وزارت ٹرانسپورٹ بنائی جا سکتی تھی۔ ان کا مؤقف تھا کہ ایوی ایشن کو وزارت دفاع میں شامل کرنے سے ایوی ایشن انڈسٹری کو نقصان پہنچے گا۔
وزارت ہوابازی بطور الگ وزارت ختم، وزارت دفاع میں ضم کردیا گیا
یاد رہے کہ وفاقی حکومت نے وزارت ہوا بازی کو بطور الگ وزارت ختم کردیا ہے۔ وزارت ہوابازی کو وزارت دفاع میں ضم کر دیا گیا ہے اور وزارت دفاع نےکابینہ کے فیصلے اور کابینہ ڈویژن کے ایس آر او پ رعملدرآمد مکمل کرلیا ہے۔
وزارت دفاع نے وزارت ہوا بازی کو ضم کرنے کا مراسلہ تمام وزارتوں اور ڈویژنزکو بھجوادیا۔ فیصلہ تمام صوبائی چیف سیکرٹریز بشمول آزادکشمیر اور گلگت بلتستان کوبھی بھجوادیا گیا۔
مراسلے میں کہا گیا ہے کہ کابینہ نے14 جنوری2025 کو وزارت ہوابازی کو وزارت دفاع میں ضم کرنے کا فیصلہ کیا تھا اور کابینہ ڈویژن نے اس حوالے سے4 فروری2025 کو ایس آر او جاری کیا تھا۔ مراسلے کے متن کے مطابق اب ہوابازی سے متعلقہ تمام امور کیلئے وزارت دفاع سے رجوع کیاجائے۔