آرمی چیف کا ردعمل عمران خان کو صاف جواب ہی سمجھا جائے، رانا ثنااللہ

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)مسلم لیگ ن کے سینیئر رہنما رانا ثنااللہ نے کہا ہے کہ آرمی چیف کا ردعمل عمران خان کو صاف جواب ہی سمجھا جائے۔
نجی ٹی وی سے گفتگو میں وزیراعظم شہباز شریف کے مشیر رانا ثنااللہ نے کہا کہ آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے بانی پی ٹی آئی کے خط کے حوالے سے ردعمل میں بڑا مختصر اور واضح جواب دیا ہے، آرمی چیف نے براہ راست تو جواب نہیں دیا بلکہ صحافیوں کے سوال کا جواب دیا۔
رانا ثنااللہ نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کا خط صرف فوج کے خلاف پروپیگنڈا کرنے کا ایک بیانیہ ہے، خط لکھنے کے بہانے عمران خان وہ باتیں کرنا چاہتے ہیں کہ جو وہ سمجھتے ہیں کہ خط کے علاوہ اگر وہ یہ باتیں کریں تو کسی کو اعتراض ہوسکتا ہے کہ وہ فوج کے خلاف پروپیگنڈا کررہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کہیں گے کہ وہ تو صرف خط لکھ رہے ہیں پروپیگنڈا نہیں کررہے، آرمی چیف کا ردعمل عمران خان کو صاف جواب ہی سمجھیں۔
رانا ثنااللہ نے کہا کہ عمران خان کی چالیں ہرکوئی سمجھتا ہے، خط کوئی دروازہ کھولنے والی باتیں نہیں ہیں، عمران خان کا کوئی ارادہ نہیں ہے کہ وہ فوج کے خلاف بیانیے، جیسا کہ انہوں نے 9 مئی کو کیا، اس سے پیچھے ہٹیں،معذرت کریں یا افسوس کا اظہار کریں۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان نے جیسے چیف جسٹس کو خط بھیجا ہے اور میڈیا کو جاری نہیں کیا اس طرح اگر وہ آرمی چیف کو بھیجا گیا خط بھی میڈیا کو جاری نہ کرتے تو شاید انہیں خط کا جواب مل بھی جاتا، جب انہوں نے پہلے ہی خط میڈیا کو جاری کردیا تو اس کا مطلب ہے کہ وہ صرف پروپیگنڈا کررہے ہیں۔
یاد رہے کہ جمعرات کے روز آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے صحافیوں کے سوالات کے جواب میں کہا کہ انہیں کسی کا کوئی خط نہیں ملا۔ خط ملا بھی تو نہیں پڑھیں گے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا ’اگر کوئی خط ملا تو وزیر اعظم کو بھجوا دوں گا۔ خط کی باتیں سب چالیں ہیں۔‘
آرمی چیف نے کہا کہ پاکستان آگے بڑھ رہا ہے اور پاکستان کو آگے ہی بڑھنا ہے، ملک بہت اچھے انداز سے آگے بڑھ رہا ہے، پاکستان میں ترقی ہو رہی ہے۔
واضح رہے کہ آرمی چیف نے کسی کا نام لیے بغیر خط کا ذکر بانی پی ٹی آئی کی جانب سے اس دعویٰ کے پس منظر میں کیا، جس کے مطابق انہوں نے آرمی چیف کو سیاسی صورتحال سے متعلق پے در پے تین خطوط ارسال کیے ہیں۔
اس حوالے سے چیئرمین تحریکِ انصاف بیرسٹر گوہر نے کہا تھا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان نے بطور سابق وزیرِ اعظم آرمی چیف جنرل عاصم منیر کو خط لکھ کر ان سے پالیسیوں کا ازسرِ نو جائزہ لینے کی اپیل کی ہے۔ تاہم بعد میں انہوں نے ایک نجی چینل پر گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ عمران خان نے کہا ہے کہ انہوں نے آرمی چیف کو خط لکھا، میں نے اب تک بانی پی ٹی آئی کا یہ خط پڑھا یا دیکھا نہیں۔