’آصفہ بھٹو عکسِ بے نظیر ہیں‘، خاتون اول کے ترک صدر کی گاڑی چلانے پر صارفین کے تبصرے

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)خاتون اول آصفہ بھٹوزرداری نے ترک صدررجب طیب ایردوان کے دورہ پاکستان پر ان کی گاڑی چلائی جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی۔
رجب طیب ایردوان آصفہ بھٹو کے ساتھ فرنٹ سیٹ پر بیٹھے جبکہ صدر مملکت آصف علی زرداری پیچھے والی نشست پر موجود تھے۔ آصفہ بھٹو نے یہ ویڈیو سماجی رابطوں کی سائٹ ایکس پر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ صدررجب طیب ایردوان کے دورے کے دوران ان کی گاڑی چلانا یاد گارلمحہ تھا۔
آصفہ بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ جب گاڑی چلا رہی تھی تو میرے ساتھ گاڑی میں 2 صدورتھے، یہ یادگارلمحہ کبھی نہیں بھولوں گی۔
آصفہ بھٹو کی ویڈیو پر صارفین مختلف تبصرے کر رہے ہیں۔ ایک صارف نے لکھا کہ آصفہ بھٹو عکسِ بے نظیر ہیں، یہ بی بی کی سیاست کا دوسرا جنم ہے۔
ڈاکٹر شمع جونیجو نے آصفہ بھٹو کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ دنیا کو پاکستان کی جانب سے خواتین کے حقوق اور ان کی طاقتور حیثیت کے حوالے سے ایک بہت مضبوط پیغام گیا ہے۔
صحافی اجمل جامی نے خاتون اوّل آصفہ بھٹو اور ترک صدر رجب طیب ایردوان کی تصویر پر تبصرہ کرتے ہوئے لکھا کہ یہ خوبصورت اور قابل احترام تصویر ہے۔
عمران خان کی حامی ایک صارف نے آصفہ بھٹو کے ترک صدر کی گاڑی چلانے پر تبصرہ کرتے ہوئے لکھا کہ عمران خان نے ان سب کوپاگل کر دیا ہے۔
وقار ستی نے لکھا کہ یہ صرف ایک سواری نہیں، تعلقات کی نئی منزلوں کی علامت ہے۔
واضح رہے کہ ترک صدر رجب طیب ایردوان پاکستان کا دورہ مکمل کر کے وطن واپس روانہ ہوگئے ہیں۔ وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی دعوت پر ترکیہ کے صدر رجب طیب ایردوان نے پاکستان کا 2 روزہ دورہ کیا تھا۔ دورہ کے دوران وزیراعظم شہباز شریف اور صدر رجب طیب ایردوان نے پاک ترک اعلیٰ سطحی اسٹریٹجک کوآپریشن کونسل کے ساتویں اجلاس کی مشترکہ صدارت کی۔
سیشن کے اختتام پر ایک مشترکہ اعلامیہ جاری کیا گیا اور 24 اہم معاہدوں ایم او یوز پر دستخط کیے گئے۔ ترک صدر رجب طیب ایردوان نے صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف کو ترک ساختہ الیکٹرک کار کا تحفہ دیا ۔