بالی ووڈ میں پاکستانی فنکاروں کے داخلے پر پابندی کس نے لگائی؟ فلم ’صنم تیری قسم‘ کے ڈائریکٹر بول پڑے

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)مشہور بالی ووڈ فلم ’صنم تیری قسم‘کی دوبارہ ریلیز کے بعد ایک بار پھر اس کی مقبولیت میں اضافہ ہو گیا ہے۔ یہ فلم باکس آفس پر شاندار کامیابی حاصل کر رہی ہے۔
فلم کے ڈائریکٹر وینے سپرو نے بھارتی میڈیا سے فلم ’صنم تیری قسم‘ کی شاندار کامیابی اور بھارت میں پاکستانی اداکاروں پر عائد پابندی کے حوالے سے کھل کر اظہار خیال کیا۔
گفتگو کے دوران انہوں نے پاکستانی اداکاروں پر پابندی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ یہ فیصلہ ممکنہ طور پر کسی مضبوط وجہ کی بنیاد پر کیا گیا ہو گا۔ جنہوں نے یہ پابندی عائد کی، ان کے پاس اس فیصلے کے حوالے سے اپنی منطق اور دلائل ہوں گے کیونکہ یہ حکومت کا فیصلہ تھا۔
واضح رہے کہ بھارت نے 18 ستمبر کو کشمیر میں اڑی فوجی اڈے پر ہونے والے حملے کے بعد پاکستانی فنکاروں پر پابندی عائد کرنے کا اعلان کیا تھا۔ اس سلسلے میں انڈین موشن پکچرز پروڈیوسرز ایسوسی ایشن (آئی ایم پی پی اے) نے پاک۔ بھارت کشیدگی کے پیش نظر پاکستانی فنکاروں اور ٹیکنیشنز پر بالی ووڈ میں کام کرنے پر پابندی عائد کردی تھی۔ اور ہندو انتہا پسند گروہوں نے بھی بالی ووڈ میں کام کرنے والے پاکستانی اداکاروں کو دھمکی دی تھی۔
ہندو گروپ ایم این ایس نے پاکستانی فنکاروں کو بھارت سے نکل جانے کا کہا تھا جس کے بعد پاکستانی فنکار وطن واپس آگئے تھے۔
پابندی سے پہلے کئی پاکستانی فنکاروں نے بالی ووڈ میں کامیابی حاصل کی۔ جن میں فواد خان اور ماہرہ خان بھی شامل ہیں۔ فواد خان نے ’کپور اینڈ سنز‘ اور ’اے دل ہے مشکل‘ میں اپنی اداکاری سے ناظرین کو متاثر کیا، ماہرہ خان نے شاہ رخ خان کے ساتھ ’رئیس‘ میں اداکاری کی جبکہ علی ظفر نے ’تیرے بن لادن‘ اور ’ڈیئر زندگی‘ میں اپنی پہچان بنائی۔
پاکستانی گلوکاروں جن میں عاطف اسلم، راحت فتح علی خان اور شفقت امانت علی نے کئی ہٹ گانے دیے۔ تاہم سیاسی کشیدگیوں کے نتیجے میں بالی ووڈ میوزک میں ایک قابلِ ذکر خلا پیدا ہو گیا۔
واضح رہے کہ فلم ’صنم تیری قسم‘ کو ری ریلیز کیا گیا ہے۔ یہ فلم 2016 میں ریلیز کی گئی تھی تاہم یہ باکس آفس پر بزنس کرنے میں ناکام رہی تھی۔
فلم کی دوبارہ ریلیز نے غیر معمولی طور پر اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ اس نے صرف بھارت میں 5 دنوں میں 25.16 کروڑ روپے کما کر ہمیش ریشمیا کی فلم ’بی آر‘ اور ’لویاپا‘ کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔